گندم کی پچھیت کاشت15دسمبر سے قبل پوری کرلیں: ماہرین

گندم کی پچھیت کاشت15دسمبر سے قبل پوری کرلیں: ماہرین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)کاشتکار گندم کی پچھیت کاشت ہر صورت 15 دسمبر سے پہلے مکمل کر لیں اور شرح بیج 60کلو گرام فی ایکڑ رکھیں۔ گندم کی فصل کو بڑھوتری کے ابتدائی مراحل کے امراض کے علاوہ کُنگی و دیگر پھپھوند سے لگنے والی بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لیے بیج کو بوائی سے پہلے محکمہ زراعت کے مقامی عملہ سے مشورہ کر کے مناسب پھپھوندی کش زہر لگائیں۔
غیر معمولی تاخیر سے بچنے کے لئے جہاں ضروری ہو خشک بوائی کریں۔کپاس کاشتہ علاقوں میں گندم کی لیٹ کاشت سے بچنے کے لئے گندم کے بیج کا کھڑی کپاس میں چھٹہ کریں۔بیج کے چھٹہ سے پہلے کپاس کی چنائی مکمل کر یں اور کھیت کو پانی سے بھر دیں۔پانی جذب ہونے پر گندم کے 8سے 9گھنٹے بھیگے ہوئے بیج کا دوہرا چھٹہ دے دیں۔ گندم کا چھٹہ دینے کے 30 سے 40 دن بعد کپاس کی فصل کاٹ لیں۔ آبپاش علاقوں میں گندم کی کاشت کیلئے محکمہ زراعت کی سفارش کردہ اقسام آری 2011 ،پنجاب 2011 ، لاثانی2008 اور فیصل آباد 2008 کا موزوں وقت کاشت 10 دسمبر تک ہے جبکہ سحر2006 کو 15 دسمبر تک کاشت کریں۔ آبپاش علاقوں میں کمزور زمین میں دو بوری ڈی اے پی، آدھی بوری یوریا اور ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ جبکہ اوسط زمین میں ڈیڑھ بوری ڈی اے پی+ آدھی بوری یوریا اور ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ اور زرخیز زمین کے لئے ایک بوری ڈی اے پی، آھی بوری یوریا اور ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ بوقت کاشت استعمال کریں۔

مزید :

کامرس -