سفاری زو میں بچوں کی تفریح کیلئے جدید پلے لینڈ بنایا جائیگا،رواں ماہ کام شروع کرنیکا فیصلہ

سفاری زو میں بچوں کی تفریح کیلئے جدید پلے لینڈ بنایا جائیگا،رواں ماہ کام ...

  

لاہور( اپنے خبر نگار سے) لاہور سفاری زو پارک میں بچوں کو جدید ترین تفریح کی فراہمی کے لئے دو ایکڑ رقبہ پر بی او ٹی(Build Operate and Tranfer) کی بنیاد پر پلے لینڈ تعمیر کرنے کی اصولی منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔ اس منصوبے پر رواں ماہ کے آخر تک کام شروع کر دیا جائے گا ۔ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس خالد ایاز خان نے یہ بات اپنے دفتر میں لاہور سفاری زو پارک میں انتظامات کے حوالے سے بلائے گئے جائزہ اجلاس میں کہی ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور سفاری زو پارک سید ظفر الحسن ، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر نعیم بھٹی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ خالد ایاز خان نے بتایا کہ لاہور سفاری زو پارک میں قائم کیا جانے والا پلے لینڈ کسی بھی سفاری پارک میں قائم کئے جانے والا پہلا پلے لینڈ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پلے لینڈ کے حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور سفاری زو پارک اور پرائیویٹ کمپنی فن دنیا کے مابین اگلے ہفتے دستخط ہو جائیں گے اور رواں ماہ میں ہی اس منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔خالد ایاز خان نے کہا کہ پلے لینڈ کی تعمیر پر 135 ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ بچوں کی تفریح کا سامان ، جدید گیجٹس ، جھولے اور گیمز وغیرہ پر اضافی لاگت آئے گی اور یہ تمام لاگت کمپنی ہی پرائیویٹ کمپنی ہی برداشت کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کی مدت پنجاب حکومت کے قوانین و قواعد کی روشنی میں طے کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلے لینڈ میں گیمز ، جھولے اور دیگر تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے ٹکٹ کی قیمت محکمہ جنگلی حیات اور پرائیویٹ کمپنی باہمی رضا مندی کے ساتھ طے کرے گی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -