آرمی پبلک سکول کے عظیم شہداء کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا سکتے ،شہباز شریف

آرمی پبلک سکول کے عظیم شہداء کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا سکتے ،شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ترکی اور برطانیہ کے طویل دورے سے وطن آمد کے فورابعدآرمی پبلک سکول پشاورکے شہداء 16دسمبر کی عظیم قربانیوں کی یاد میں تقریبات کے انتظامات کے سلسلے میں خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔وزیر اعلی نے لاہور پہنچنے پر بغیر آرام کئے اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کیا اور یہ اجلاس اڑھائی گھنٹے تک جاری رہا۔وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ کے ایک برس مکمل ہونے پرعظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔16 دسمبر 2014ء کو سفاک درندوں نے معصوم بچوں اور اساتذہ کا نا حق خون بہایا۔ہم ان ننھے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز سے آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کے حوالے سے پنجاب بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں ۔۔وزیر اعلی نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہدا ء کی یاد میں اس دن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اس کی اہمیت کبھی کم نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں اور اساتذہ نے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ ان شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ان کی لازوال قربانیوں کی بدولت پاکستان امن و سلامتی کا گہوارہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے خون کے طفیل پوری قوم دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے متحد ہو چکی ہے ۔ پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ۔قوم کے مثالی اتحاد سے پاکستان میں امن بحال کر کے دم لیں گے اور دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک دھرتی کو پاک کر کے رہیں گے ۔

لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے تعمیراتی کام پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹروٹرین کا منصوبہ پاکستان کی تاریخ کا ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں سب سے منفرد اور بڑا پراجیکٹ ہے اور اس منصوبے سے کوئی تاریخی عمارت یاورثہ متاثر نہیں ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ میٹروریل کا منصوبہ عام آدمی کی ٹرانسپورٹ کی مشکلات کو آرام دہ اور باکفایت سفری سہولت میں بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ترقیاتی منصوبوں کی طرح میٹروٹرین کے منصوبے کو بھی اعلی معیار اور برق رفتاری سے مکمل کیا جائے گا اورتعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ۔میٹروٹرین کا منصوبہ بھی فن تعمیر کا اعلی شاہکار ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میٹروبس سروس کے بعد اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ بھی عام آدمی کے لئے ہے ۔ منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ منصوبے کے روٹ پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے موثرٹریفک پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی کام کے دوران شہریوں کی حفاظت کے لئے بہترین انتظامات ہونے چاہیں۔اجلاس کے دوران وزیر اعلی کو تعمیراتی کام پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایم این اے پرویز ملک ، خواجہ احمد حسان، اراکین صوبائی اسمبلی زعیم قادری ، خواجہ عمران نذیر،ماجد ظہور، چیف سیکرٹری ، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر لاہور اور اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف برطانیہ اور ترکی کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے لاہور ائیر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا حالیہ دورہ برطانیہ اور ترکی کامیاب ترین رہا۔ دورہ برطانیہ اور ترکی کے دوران کئی ایک مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں جن پر عملدرآمد سے برطانیہ اور ترکی کے ساتھ معاشی تعاون مزید بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت نے صحت و تعلیم کے شعبوں میں حکومت پنجاب کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔برطانوی وزراء اور مختلف محکموں کے سربراہوں سے ملاقاتیں بارآور ثابت ہوئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لندن میں یوکے پاکستان انرجی اینڈ انفراسٹرکچر کانفرنس میں غیرملکی سرمایہ کاروں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے دورے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ دورہ ترکی کے دوران ترک صدر، وزیر اعظم اور ترک سرمایہ کاروں کے ساتھ سودمند ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ ہم ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے ہر شعبہ میں تعاون کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ترکی کے ساتھ بڑھتا ہوا تعاون نئی منزلوں کو چھوئے گا۔

مزید : صفحہ اول