مذاکرات میں ہمیشہ سے جی ایچ کیو کا اہم کردار رہا ہے،بھارتی میڈیا

مذاکرات میں ہمیشہ سے جی ایچ کیو کا اہم کردار رہا ہے،بھارتی میڈیا

  

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی وزیر خارجہ ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کیلئے دوہ روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں،پاکستان اور بھارتی میڈیا کی جانب سے سشما سوراج کے دورے کو پاکستان اور بھارت کی درمیان جاری تنازعات کے حل کیلئے انتہائی اہم قرار دیا جارہاہے ۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سشما سوراج اور وزیراعظم نوازشریف کے درمیان ہونے والی ملاقات دونوں ممالک کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اس سے دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی اور مذاکرات کے درمیان آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کا موقع ملے گا وہیں پر مذاکرات جہاں سے منسوخ ہوئے دوبارہ شروع کیے جانے کا بھی امکان ہے، تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ کا پاکستان آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ بھارت سے یہی پیغام لائیں ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں ۔گذشتہ شب مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کانفرنس کے شرکاء کے اعزا ز میں عشائیہ دیا جس میں سشما سوراج بھی شریک ہوئیں ، اس موقع پر سشما سوراج کا انتہائی گرم جوشی کے ساتھ استقبال کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہاگیا ۔سشما سوراج کی پاکستان آمد اور وزیراعظم نواز شریف سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بھارتی اور پاکستانی میڈیا ایک ہی پیج پر نظر آر ہے ہیں ۔سشما سوراج کے دورہ پاکستان کے بارے میں بھارتی میڈیا کا کہناہے کہ دہلی حکومت کو اس بات کا ادراک ہے کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں ہمیشہ سے ’’جی ایچ کیو‘‘کا اہم کردار رہا ہے ،اوربھارتی حکومت نے کسی دوسرے ملک میں پاکستان سے مذاکرات کرنے کی بجائے ’’جی ایچ کیو ‘‘کی قربت میں ڈائیلاگ کو ترجیح دی ہے۔ پیرس میں ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پروزیر اعظم نریندرمودی اور نوازشریف کے درمیان ہونے والی چند منٹوں کی ملاقات اور اس کے بعد بینکا ک میں دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کے بعددونوں ممالک کے درمیان برف پگھلی ہے۔ بھارتی میڈیا کا مزید کہناہے کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیراعظم نوازشریف کے درمیان آج ہونے والی ملاقات میں پاک بھارت کے درمیان منسوخ کیے گئے مذاکرات کو دوبارہ بحال کرنے سے متعلق اہم پیش رفت کا بھی ہے ۔وزیراعظم نوازشریف نے منگل کے روز اپنے رفقاء سے اہم ملاقاتیں بھی کیں جس دوران انہوں نے امور خارجہ سے متعلق اور سشما سوراج سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے مشاور ت بھی کی ۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی اور مذاکرات کے درمیان آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کا موقع ملے گا اور مذاکرات جہاں سے منسوخ ہوئے وہیں سے دوبارہ شروع کیے جانے کا بھی امکان ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -