موجودہ حکمران سابقہ ادوار کا تسلسل ہیں ، قاری محمد زوار بہادر

موجودہ حکمران سابقہ ادوار کا تسلسل ہیں ، قاری محمد زوار بہادر

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران سابقہ ادوار کا تسلسل ہیں جس میں غریب غریب تر اور حکمران قومی خزانے اور غریب عوام کا گلا گھونٹ کر عیاشیوں میں مصروف ہیں حکمران ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں ۔جب تک ملک میں نظام مصطفےٰﷺ کا نفاذ نہیں ہوتاہماری مشکلات کم نہیں ہونگی آج بحیثیت قوم ہم نے اللہ اوراس کے رسول سے کیے ہوئے وعدے کو بھلادیا ہے جس کی وجہ سے آج ملک ا ور قوم دہشت گردی ،مہنگائی ،قتل و غارت ،بدامنی، لوٹ کھسوٹ اور اشیائے خوردونوش کی کمی کا شکار ہے یہ سب کچھ اللہ اور اس کے رسولﷺ کے نظام سے بے وفائی اور احکامات سے روگرانی کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء پاکستان کا دامن ہر طرح کی برائی اور لوٹ کھسوٹ سے پاک ہے ہمارے بزرگوں نے اس ملک کے لئے جو بے پناہ قربانیاں دیں اور وطن عزیز میں سیاسی استحکام کے لئے جو خدمات سرانجام دیں وہ پوری قوم کے لئے مشعل راہ ہیں جمعیت علماء پاکستان آج بھی اپنے بزرگوں علامہ شاہ احمد نورانی ،مولانا عبدالستار خان نیازی سمیت دیگر قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں مقام مصطفےٰﷺ کے تحفظ اور نظام مصطفےٰﷺ کے نفاذ کے لئے جدوجہد کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء پاکستان ضلع لاہور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں حافظ نصیر احمد نورانی ،ایم اے مہر ، مفتی تصدق حسین،رانا رحمت علی،چودھری غلام محمد،صاحبزادہ فیض الرحمن جماعتی،مولانا نذر احمد سعیدی اور دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔ قاری زوار بہادر نے مزید کہا کہ جمعیت علماء پاکستان ملک میں 10 دسمبر سے حضرت علامہ امام شاہ احمد نورانی صدیقی رحمتہ اللہ علیہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے 10 دسمبر سے ’’عشرہ امام نورانی‘‘ منائے گی۔ جمعیت علماء پاکستان کے کارکنوں اور عہدیداروں کو چاہیے کہ وہ نظام مصطفےٰﷺ کے سفیر بن کر ملک کے گلی چوگوں اورقریہ قریہ جا کر لوگوں کو نظام مصطفےٰﷺ کی برکات سے آگاہ کریں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -