گورنر سندھ سے قطر کے قونصل جنرل کی ملاقات ،دوطرفہ معاملات پر گفتگو

گورنر سندھ سے قطر کے قونصل جنرل کی ملاقات ،دوطرفہ معاملات پر گفتگو

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ آف قطر کے قونصل جنرل سعد عبداللہ ایس ایم الشریف نے منگل کو گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، تجارت ، سرمایہ کاری ، مشترکہ منصوبوں سمیت دیگر اہمیت کے حامل معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاک قطر برادرانہ تعلقات مثالی اور قابل فخر ہیں قطر نے ہر مشکل مراحل میں پاکستان کی بھرپور اخلاقی حمایت کی ، پاکستان کے میگا پرجیکٹس سمیت دیگر منصوبوں پر قطر کے سرمایہ کارکام کررہے ہیں جبکہ قطر سے نیوی کے افسران و جوان تربیت کے لئے پاکستان نیوی سے منسلک ہورہے ہیں وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تعداد میں اضافہ بھی ہو رہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ قطر میں پاکستانی مصنوعات کی بہت مانگ ہے جس میں اضافہ بھی ہورہا ہے اس وقت دونوں ممالک میں بھی تجارت کے بڑے مواقع دستیاب ہیں حال ہی میں پاکستان قطر کے درمیان ایل این جی معاہدہ طے پایا ہے جبکہ کئی منصوبوں پر مشترکہ سرمایہ کاری بھی کی جارہی ہے انرجی سیکٹر میں قطر کے سرمایہ کاروں کی دلچسپی خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تجارتی، سرمایہ کاری اور عوام سے عوام کے تعلقات کومزید پروان چڑھانا ہو گا اس اقدام سے دو طرفہ تعلقات میں مزید استحکام آئے گا ۔ قطر کے قونصل جنرل نے گورنر سندھ کو بتایا کہ قطر کے سرمایہ کار پاکستان میں توانائی کے شعبے میں بھرپور سرمایہ کاری کی خواہش رکھتے ہیں اس ضمن میں نجی اور سرکاری سطح پر میگا پروجیکٹس پر بہت جلد معاہدے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاک قطر تعلقات خلوص اور اخوت پر قائم ہیں جو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں قطر ہر مشکل گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا کے سب سے مشہور کھیل فٹ بال کا 2022ء میں ہونے والا عالمی مقابلہ قطر میں منعقد ہو رہا ہے جس میں دنیا بھر سے اس عالمی مقابلے کے لئے منتخب ٹیمیں شرکت کرینگی جبکہ فٹ بال کھیل کے لاکھوں مداح بھی اس کھیل کو براہ راست دیکھنے قطر آئیں گے اس سلسلے میں قطر حکومت اپنی بھرپور تیاریاں کررہی ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ قطر کو فٹ بال کے عالمی ایونٹ میں سُرخرو کرے ،اٰمین۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -