تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات ،عہدیداروں کا چناؤ ایس ایم ایس کے ذریعے کیا جائے گا
لاہور(شہزاد ملک) پاکستان تحریک انصاف کے آئندہ کے پارٹی انتخابات میں عہدیداروں کا چناؤ ایک موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے کیا جائے گا ۔ پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ووٹرز کی ممبر شپ شروع کی جائے گی اور یہ نئی ممبر شپ بھی براہ راست ایک موبائل ایس ایم ایس کے زریعے سے ہی کی جائے گی نئی ممبر شپ حاصل کرنے والوں کے خواہش مند افراد کو پی ٹی آئی کے الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک یونیورسل نمبر دیا جائے گا جس پر وہ اپنے موبائل فون سے اپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کریں گے جس کے بعد پی ٹی آئی کے الیکشن کمیشن کی جانب سے ان کی تصدیق کی جائے گی کہ مذکورہ ایس ایم ایس کرنے والا شخص کہاں کا رہائشی ہے یونین کونسل کی سطح پر ان کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا اور تصدیق کا یہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ان کے اسی موبائل نمبر سے دس روپے ممبر شپ فیس کی مد میں کاٹ لئے جائیں گے اور انہیں آگاہ کردیا جائے گا کہ آپ کو پی ٹی آئی کی ممبر شپ دیدی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق پھر اس کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن میں بھی پہلے مرحلے کے طور پر ڈسٹرکٹ لیول کا الیکشن ہو گا جس میں اس حلقہ کے ووٹرز کو الیکشن کمیشن کی طرف سے اس متعلقہ ضلع میں حصہ لینے والے امیدواروں کے نام ایس ایم ایس کر دئیے جائیں گے اور ان سے یہ پوچھا جائے گا کہ وہ ان میں سے جس کو بھی منتخب کرنا چاہتے ہیں اپنے موبائل ایس ایم ایس سے ہمیں رپلائی کریں اسی طرح سے اسی فارمولے کے مطابق پنجاب لاہور اور مرکز کے عہدیداروں کا بھی براہ راست ایس ایم ایس ووٹ کے زریعے انتخاب عمل میں لایا جائے گا ۔ کیونکہ ابھی نئی ممبر شپ کا مرحلہ شروع نہیں ہوا اسی لئے ابھی تک انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے کے خواہش مند افراد کے نام بھی سامنے نہیں آئی ہیں تاہم نئی ممبر شپ کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد الیکشن میں حصہ لینے والے افراد اپنے اپنے دھڑوں کے امیدوار لیکر میدان میں اتریں گے ۔
تحریک انصاف