دنیا کی سب سے بڑی اقلیت خصوصی افراد ہیں ، ان کی تعلیم و بحالی کیلئے مکمل تعاون کرینگے ، پرویز خٹک

دنیا کی سب سے بڑی اقلیت خصوصی افراد ہیں ، ان کی تعلیم و بحالی کیلئے مکمل ...

  

 پشاور( پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے دنیا میں موجود ایک ارب خصوصی افراد کو دنیا کی سب سے بڑی اقلیت قرار دیتے ہوئے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ ان خصوصی افراد باالخصوص خصوصی بچوں کو معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے میں بے شمار رکاوٹیں درپیش ہیں تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ صوبائی حکومت خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت کیلئے ہر ممکن مدد اور تعاون ضرور فراہم کرے گی تاکہ ان افراد کو اپنی زندگی میں کسی محرومی یا مشکل کا احساس نہ ہو اور وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے منگل کے روز خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان آرمی کے ٹروپس ویلفیئر کمپلیکس میں قائم " اُمید سپیشل ایجوکیشن سکول" میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان، پاکستان آرمی پشاور کے سگنلز کمانڈ بریگیڈئر عمر احمد شاہ ، پاک فوج کے دیگر اعلیٰ افسروں اور خصوصی بچوں کے والدین نے تقریب میں شرکت کی تقریب کے دوران سکول کے خصوصی بچوں نے ہی تلاوت کلام پاک اور حمد و نعت کے علاوہ قومی نغمے، تقاریر، نظمیں، فینسی ڈریس شو، مزاحیہ خاکے اور دیگر رنگا رنگ پروگرام پیش کئے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا جبکہ وزیراعلیٰ نے سکول کے مختلف شعبے دیکھتے ہوئے سکول کے معیار اور خدمات کو سراہا اور سکول کیلئے پچاس لاکھ روپے سالانہ گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ خصوصی افراد کا عالمی دن ہم سے تقاضا کر تا ہے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر ایسے اقدامات کریں کہ جن سے خصوصی افراد کے حقوق کی پاسداری ہو سکے اور ان کو معاشرے کا باعزت رکن بننے میں آسانی ہوانہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے عالمی دن کو سرکاری سطح پر اہمیت دینا اس بات کی علامت ہے کہ ہم بظاہر مسائل اور تباہ کن جنگ میں گھرے ہونے کے باوجود ایک زندہ اور با شعور قوم ہیں۔ہم اپنے آنے والے کل اور اس کل کے معمار بچوں کے بارے میں فکرمند ہیں اور اس فکر میں پاک فوج اور سول سوسائٹی شانہ بشانہ ہیں انہوں نے کہاکہ آج ہم فخر کے ساتھ یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ اپنے معاشرے میں خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کومعاشرے کا اہم فرد بنانے کے لئے جس کام کا بیڑا پاک فوج نے اٹھایاہے وہ واقعی قابل تحسین ہے اورخصوصی بچوں کے والدین کے لئے امید کی ایک کرن ہے انہوں نے کہاکہ اُمید سپیشل ایجوکیشن سکول کی صورت میں پاک فوج کا یہ نیک کارنامہ عبادت سے کم نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خصوصی بچوں کے والدین صبر اور استقامت کی جیتی جاگتی مثال ہیں ۔ ان کا ہر دن ایک امتحان ہے اور زندگی ایک آزمائش ہے جس کا اجر اﷲ تعالیٰ کے پاس ہی ہے تاہم انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ادارے کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے سکول کیلئے پچاس لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا بعدازاں وزیراعلیٰ پرویز خٹک سکول کے بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور اُن سے تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں پر تبادلہ خیالات بھی کیا اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ایک بچے کی معذوری دور کرنے کیلئے اس کے والدین کی درخواست پر صوبائی حکومت کے خرچ پر بچے کے آپریشن کا اعلان بھی کیا۔

پرویز خٹک

پشاور( پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ہر سطح پر احتساب اور جوابدہی پر یقین رکھتی ہے صوبے کی سطح پر ایک آزاد احتساب کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور بدعنوانی کے خلاف مہم کو اجتماعی طور پر کامیاب بنایا جائے گا عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس دن کی اہمیت اس بات سے عیاں ہے کہ اقوام متحدہ کی وساطت سے پوری دنیا میں بدعنوانی جیسی لعنت کی مذمت کی جارہی ہے اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کے کنونشن کے تحت ہم سب کو کرپشن کے برے اثرات سے نمٹنے کیلئے اس کے خلاف معاشرے میں شعور بیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا انہوں نے کہاکہ بدعنوانی کا خاتمہ خیبرپختونخوا حکومت کی اولین ترجیح ہے ہمارے درمیان جو بد عنوان عناصر موجود ہیں ان کی نشاندہی کرکے انہیں عوامی خدمت کے نظام سے الگ کیا جائے گا بدعنوانی کے موجودہ رجحان کے خلاف جدوجہد کیلئے ثابت قدمی کی ضرورت ہے چنانچہ مسلسل اور بلا تفریق احتساب تمام سرکاری اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے انہوں نے کہاکہ بدعنوانی کے خلاف کام کرنے والے اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے انہیں خود مختار بنانے ، ان کی قانونی اور انتظامی استعداد کو بڑھانے اور انہیں ہر قسم کے سیاسی دباؤ اور مداخلت سے آزاد کرنے کی بھی ضرورت ہے جیسا کہ خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کے قیام کی صورت میں کیا گیا ہے انہوں نے سرکاری اداروں سمیت معاشرے کے تمام طبقوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اجتماعی اور مربوط کوششوں کے ذریعے کرپشن کو جڑ سے اُکھاڑنے کیلئے صوبائی حکومت کے ہاتھ مضبوط کرے تاکہ معاشرے کے تمام طبقات ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار ہو سکیں ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -