شیخوپورہ الیکشن میں ہار کا بدلہ مخالفین کی فائرنگ سے نو منتخب چئیرمین قتل 1 ملزم گرفتار

شیخوپورہ الیکشن میں ہار کا بدلہ مخالفین کی فائرنگ سے نو منتخب چئیرمین قتل 1 ...
 شیخوپورہ الیکشن میں ہار کا بدلہ مخالفین کی فائرنگ سے نو منتخب چئیرمین قتل 1 ملزم گرفتار

  

 شیخوپورہ(بیو رورپورٹ)تھانہ ہاؤسنگ کالونی کے علاقہ بھٹی ڈھلواں کی جناز گاہ میں نواز لیگ کے ناکام امیدوار نے اپنی شکست کا بدلہ لینے کیلئے ساتھیوں کے ہمراہ یو سی 47سے نو منتخب آزاد چیئرمین ملک عباس علی ڈوگر ایڈووکیٹ پر حملہ کردیا اور اندھا دھند فائرنگ کرکے نومنتخب چیئرمین کو قتل کردیا جبکہ فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں مخدوش حالت کے پیش نظر میو ہسپتال لاہور منتقل کردیا گیا ہے،قتل کی یہ خبر پورے شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور مقتول چیئرمین کے رشتہ دار اور ساتھی وکلاء پوسٹ مارٹم ہاؤس پہنچ گئے جہاں وہ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے ، وزیر اعلیٰ نے اس واقعہ کی ڈی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے چیچوکی ملیاں میں آپریشن کرکے ایک ملزم کامران کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے دو پسٹل بھی برآمد کرلئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یو سی 47سے ملک عباس علی ڈوگر ایڈووکیٹ 19نومبر کو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں نواز لیگ کے نامزد امیدوار سردار نذیر احمد عرف جیرا قلندری کو 1100ووٹوں کی ریکارڈ برتری سے شکست دی اور گزشتہ روز وہ اپنے حلقہ میں واقع احاطہ وکیل والہ میں ایک زمیندار عبدالغفار کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے موجود تھے اور جوں ہی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم زمیندار کیلئے دعا مغفر ت کررہے تھے کہ ناکام امیدوار سردار نذیر احمد ڈوگر نے ساتھیوں کے ہمراہ ان پر فائرنگ کردی اور نومنتخب چیئرمین ملک عباس علی ڈوگر سر اور سینے میں گولیاں لگنے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، ملزمان کی فائرنگ سے نماز جنازہ میں شرکت کیلئے آئے دو افراد عتیق شاہد وغیرہ بھی زخمی ہوگئے ملزمان موقع سے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ، اندھادھند فائرنگ سے نماز جنازہ کیلئے آئے دیگر افراد نے بھاگ کر اپنی اپنی جانیں بچائیں، مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم ہاؤس منتقل کردیا گیا اور اس قتل کی اطلاع ملتے ہی سینکڑوں افراد ہسپتال پہنچ گئے جہاں بڑے رقعت انگیز مناظر دیکھنے کو ملے، جہاں مقتول کے ورثاء دھاڑیں مار مار کر روتے رہے جبکہ صدر بار خالد رشید ملک ایڈووکیٹ، ممبر پنجاب بار کونسل رانا سیف اللہ خاں اور سابق جنرل سیکرٹری رانا زاہد محمود طاہر شہزاد کمبوہ اور دیگر وکلاء بھی موقع پر پہنچ گئے، ڈی پی او شیخوپورہ نے اس واقعہ پر فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزمان کے گاؤں چیچوکی ملیاں کا گھیراؤ کرلیا اور آپریشن کرکے ایک ملزم کامران کو گرفتار کرلیا جو ناکام امیدوار نذیر ڈوگر کا سگا بھتیجا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ٹیمیں مختلف مقامات پر چھاپے ماررہی ہیں۔

عباس ڈوگر

مزید : صفحہ آخر