پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر اتفاق، آرڈیننس قومی اسمبلی میں پیش، نئے ٹیکسز پر ڈیڈلاک برقرار

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہو گیا ہے اور اپوزیشن مشاورت کے بعد ایوان میں واپس آ گئی ہے جس پر پی آئی اے نجکاری آرڈیننس قومی اسمبلی میں بھی پیش کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چیمبر میں اپوزیشن جماعتوں کو پی آئی اے کی نجکاری اور چالیس ارب روپے کے نئے ٹیکسز کے معاملے پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے دونوں معاملوں پر مشاورت کیلئے وقت مانگا جس کے بعد حکومت اور اپوزیشن اراکین کے درمیان پی آئی اے نجکاری کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا گیا تاہم چالیس ارب روپے کے ٹیکسز پر ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی میں سینیٹ اور قومی اسمبلی سے اپوزیشن ارکان شامل ہوں گے اور پی آئی اے یونین کے نمائندے بھی اس کمیٹی میں شامل کئے جائیں گے۔ یہ کمیٹی نجکاری کے معاملے پر اپنی سفارشات مرتب کر کے حکومت اور پارلیمینٹ کو پیش کرے گی۔