نریندر مودی کی آئندہ سال سارک کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آمد متوقع

نریندر مودی کی آئندہ سال سارک کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آمد متوقع
نریندر مودی کی آئندہ سال سارک کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آمد متوقع

  

اسلام آباد(صبا ح نیوز)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اگلے سال سارک کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آنے کی اطلاعات ہیں ۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ایک انٹرویومیں بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ سال سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے اور وہ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گی۔ایک سوال کے جواب میں بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ماحول میں گرمجوشی ہے اور اسی گرمجوشی کو بڑھانے کیلئے وہ پاکستان آئی ہیں۔اس سے قبل ہارٹ آف ایشیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کے علاوہ افغانستان میں امن کا کوئی راستہ نہیں، بھارت افغانستان میں امن و استحکام میں تعاون کے لیے تیار ہے، افغانستان میں جمہوریت قدم جمارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات انتہائی اہم ہیں ، افغانستان کے ساتھ تجارت کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے ۔سشما سوراج کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان کی مصنوعات کی ترسیل کیلئے کردار ادا کررہا ہے، علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردی کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے ، علاقائی ممالک کو سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔سشما سوراج نے کہا کہ افغانستان کو اہم داخلی مسائل کا سامنا ہے،حالیہ دنوں میں افغانستان میں دہشت گردی بڑھی ہے، افغانستان کو قبائل کے بجائے دہشت گردی سے خطرہ ہے،ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی ختم کرنا افغانستان کی ذمے داری ہے۔بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ 2016میں ہارٹ آف ایشیاکانفرنس کیلئے بھارت میں سب کاخیر مقدم کرینگے-

مزید :

بین الاقوامی -