مسلمانوں کیخلاف زہراگلنا امریکی صدارتی امیدوار ٹرمپ کو مہنگا پڑگیا، متحدہ عرب امارات کی کمپنی کا نہایت قابل تحسین اقدام ، کروڑوں ڈالر نقصان کا خدشہ
ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلمانوں کے خلاف زہریلاپراپیگنڈا کرنا امریکی صدارتی امیدوارڈونلڈٹرمپ کو مہنگاپڑگیا، وائیٹ ہاﺅس کی طرف سے نااہل قراردیئے جانے کے بعد متحدہ عرب امارات کے ایک بڑے گروپ نے ڈونلڈٹرمپ کی کمپنی کی بنائی گئی مصنوعات کا بائیکاٹ کردیاجس سے کمپنی کو کروڑوں ڈالر کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیاجارہاہے ۔
عرب میڈیا کے مطابق مشرق وسطیٰ میں 170سے زائد برانچوں پر مشتمل متحدہ عرب امارات کے ایک بڑے گروپ نے ریپبلکن کے صدارتی امیدوار کے امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کے بیان کے خلاف احتجاج کے طورپر ڈونلڈٹرمپ کے برانڈ’ٹرمپ ہوم‘ کی بنائی گئی مصنوعات کا بائیکاٹ کردیا اور سٹوروں میں موجود چیزیں بھی ہٹالیں ۔ رواں سال کے آغاز میں دبئی میں موجود برانڈ’لائف سٹائل‘ نے خلیجی ممالک میں خصوصی طورپر ’ٹرمپ ہوم کلیکشن‘ متعارف کرانے کا اعلان کیاتھاتاہم بلینز ڈالروں کے مالک امریکی سیاستدان کے مسلمانوں کے خلاف بیانات کے بعد ’لائف سٹائل‘ کے سی ای او سچن مندھوانے بتایاکہ مشرق وسطیٰ میں ایک معروف برانڈ ہونے کے ناطے ’لائف سٹائل‘ اپنے تمام گاہکوں کی قدر اور عزت کرتاہے ، امریکی صدارتی امیدوار کے حالیہ بیان کے بعد ’ٹرمپ ہوم ڈیکور رینج‘ کی تمام مصنوعات کی فروخت بند کردی ہے ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ہے کہ لائف سٹائل سٹورز خاص طورپر ہوم ڈیکور کے بنی مصنوعات بشمول لائٹنگ ، فیشن بیگز، جیولری باکس، پروفیومز فروخت کیلئے پیش کرتاہے ، اسکی 178برانچیں افریقہ اور پاکستان سمیت مشرق وسطیٰ میں موجود ہیں اور 2000سے زائد ملازمین ہیں ۔
شدید تنقید کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈھٹائی کی انتہاءکردی اور اپنے الفاظ پر ڈٹ گئے اور کہاکہ اُنہیں کوئی پرواہ نہیں ، جنوبی کیرولینا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کاکہناتھاکہ کچھ چیزیں لکھی ہیں جو کہ بالکل صحیح تھیں لیکن شاید وہ سیاسی طورپر درست نہیں تھیں لیکن مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں ۔
لائف سٹائل کمپنی کیساتھ معاہدے کے موقع پر ٹرمپ آرگنائزیشن کے چیئرمین ڈونلڈ ٹرمپ کاکہناتھاکہ صارفین کیلئے خوبصورت مصنوعات پر توجہ دیتے ہیں ، لائف سٹائل کیساتھ معاہدہ کرنے اور اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے پر خوشی ہے ۔