پاک بھارت کر کٹ سیریز،پی سی بی سلیکشن کمیٹی نے قومی کر کٹ ٹیم کے سکواڈ کو حتمی شکل دیدی
لاہور(آئی این پی) پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی)کی سلیکشن کمیٹی نے پاک بھارت سیریز کیلئے قومی کر کٹ ٹیم کے سکواڈ کو حتمی شکل دیدی ہے۔سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کیخلاف سیریز کھیلنے والی ٹیم میں ایک دو تبدیلیاں کی ہیں تاکہ ٹیم کا کمبی نیشن خراب نہ ہو۔پی سی بی ذرائع کے مطابق سشما سوراج کی جانب سے پاک بھارت سیریز کی حامی بھرنے پر پی سی بی فوری طور پر سیریز کرانے کے لئے ایمر جنسی بنیادوں پر کام شروع کر دے گا۔ذرائع کے مطابق پاک بھارت سیریز کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی نے قومی ٹیم تشکیل دے کر چیئرمین پی سی بی کو دے دی ہے جو سیریز کا اعلان ہو نے کی صورت میں اس کی منظوری دے دیں گے اور ٹیم کسی تربیتی کیمپ کے بغیر سری لنکا روانہ ہو جائے گی۔ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی بھارت کے خلاف سیریز کے لئے ٹیم میں فاسٹ باؤلر محمد عامر کو شامل کر نا چاہتی تھی مگر چیئرمین پی سی بی نے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عامر کو ٹیم میں شامل کرنے سے پہلے اس کی کونسلنگ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس کی شمولیت سے کوئی مسئلہ نہ درپیش آئے۔ سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے والی ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں کرنے سے احتراز کرتے ہوئے ایک دو تبدیلیاں کی ہیں تاکہ ٹیم کا کمبی نیشن خراب نہ ہو۔