چھوٹے کاروبار سے فیصل آباد کی معیشت ترقی کر رہی ہے، انجینئر محمد سعید شیخ

چھوٹے کاروبار سے فیصل آباد کی معیشت ترقی کر رہی ہے، انجینئر محمد سعید شیخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

فیصل آباد (آن لائن)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروباری افراد کی وجہ سے فیصل آباد کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور توقع ہے کہ 2025 تک فیصل آباد کا جی ڈی پی بڑھ کر 37 ارب ڈالر ہو جائیگا۔ فیصل آباد چیمبراٹلی کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کیلئے اپنی سطح پر سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔ سی پیک سے اٹلی اس کے ذریعے چین انڈیا ، وسط ایشیائی ریاستوں اور مشرق وسطی کے 65 ملکوں تک رسائی حاصل کر سکتا ہے جبکہ اٹلی ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے شعبہ میں بھی پاکستان کا بہترین مدد گار ثابت ہوگا۔ اس سلسلہ میں فیصل آباد کا ایک وفد پہلے ہی اٹلی کا دورہ کر چکا ہے جبکہ اب اٹلی کے اس اعلیٰ سطحی وفد کی آمد سے دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔فیصل آباد چیمبر کے وفد کے دورہ اٹلی کے فوراً بعد اٹلی کے اعلیٰ سطحی تجارتی وفد کی آمد دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کی سمت اہم اور مثبت پیش رفت ہے۔

آن لائن کے مطابق یہ باتیں انہوں نے اٹلی کی 60 سرکردہ کمپنیوں پر مشتمل وفد کے ساتھ مفاہمتی یاد داشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ یہ وفد اٹلی کے نائب وزیر تجارت کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ مفاہمتی یاد داشت پر دستخطوں کی تقریب میں غیر ملکی مہمانوں کے علاوہ اٹلی کے سفیرسکلفریٹو(Scalfarotto) ، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرعبدالباسط ، فیصل آباد انڈسٹریل ایسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈمینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین میاں محمد ادریس ،پنجاب کی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث بخش ، صوبائی وزیر صنعت شیخ علاؤالدین نے بھی شرکت کی۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے بتایا کہ اٹلی یورپین یونین میں پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا پارٹنر ہے جو یورپین یونین سے برطانیہ کے نکل جانے کے بعد پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی پارٹنر بن جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس پاکستان اور اٹلی کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم 1.06 بلین ڈالر تھا جس میں اس سال 14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اٹلی کی درآمدات میں پاکستان کا حصہ صرف 0.2 فیصد ہے جبکہ پاکستان کی درآمدات میں اٹلی کا حصہ 1 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت میں اضافہ کیلئے اٹلی کے وفد کی آمد انتہائی بروقت ہے اور ہمیں اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے دونوں ملکوں کے تاجروں اور صنعتکاروں کے درمیان باہمی روابط کو بڑھانا ہوگا۔

مزید :

کامرس -