وزیر اعطم کے مستعفی ہوئے بغیر پاناما کیس کی شفاف تحقیقات ممکن نہیں ، سراج الحق

وزیر اعطم کے مستعفی ہوئے بغیر پاناما کیس کی شفاف تحقیقات ممکن نہیں ، سراج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (خبر نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر وزیر اعظم کمیشن کے قیام کے بعد بھی اپنے اختیارات استعمال کرتے رہے تو پانامہ لیکس پر انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہونگے۔احتساب کے بغیر کوئی معاشرہ زندہ نہیں رہ سکتا مگر پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ یہاں احتساب صرف غریبوں کا ہوتا ہے اور معمولی اختیارات رکھنے والا بھی احتساب کے اداروں کو قریب پھٹکنے نہیں دیتا۔ وزیر اعظم اور ان کے خاندان پر پاناما کیس میں ملوث ہونے کا الزام ہے اس لئے انہیں فوری طورپر اپنے اختیارات چھوڑ کر عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔طیارہ حادثہ میں 47انسان لقمہ اجل بن گئے مگر ہمارے ہاں تحقیقات اور انکوائری کی کوئی روایت ہے نہ کوئی اپنی غفلت کی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کے مقامی ہوٹل میں ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ضروری ہے کہ ایک ایک لٹیرے کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور سب کا بے لاگ اور غیر جانبدار انہ احتساب ہو،انہوں نے کہا کہ تمام ادارے حکومت کے ماتحت ہیں اگر وزیر اعظم جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بعد بھی وزارت عظمیٰ کی کرسی پر براجمان رہتے ہیں تو کوئی ادارہ بھی آزادانہ کام نہیں کرسکے گا اور وزیر اعظم سمیت کسی با اختیار کے خلاف شفاف تحقیقات کا سوچا بھی نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو کھلے دل کے ساتھ عدالتی احکامات کے سامنے سرنڈر کرتے ہوئے احتساب کمیشن کے سامنے خود پیش ہونا چاہئے۔ انہوں نے حادثہ میں جنید جمشید سمیت 47افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام لوگ اپنے گھروں کا سہارا اور قیمتی ہیرے تھے جو حادثے کی نذر ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ حادثات کی روک تھام کیلئے پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہوگا۔ دریں اثناء سینیٹر سراج الحق نے طیارہ حادثہ کے شہداء کے گھروں میں جاکرتعزیت کی اور ان کے لئے بلندی درجات اور خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

مزید :

صفحہ اول -