چیئرمین واپڈاکا داسو ڈیم پراجیکٹ کا دورہ،پیش رفت کا جائزہ

چیئرمین واپڈاکا داسو ڈیم پراجیکٹ کا دورہ،پیش رفت کا جائزہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر)واپڈا اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے متاثرین کے درمیان منصوبے کیلئے اراضی کی تحویل، پراجیکٹ ایریا میں انفراسٹرکچر اور سوشل سیکٹر کی ترقی کیلئے اتفاقِ رائے ہوگیا ہے۔ اس اتفاقِ رائے کو تحریری شکل بھی دی جاچکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ) نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے دریا کے دائیں کنارے زیرتعمیر سڑک اور پراجیکٹ ایریا کے اُس حصے کا بھی دورہ کیا، جہاں منصوبہ تعمیر کرنے کی وجہ سے شاہراہ قراقرم کو ازسرِنو تعمیر کیا جائے گا۔اپنے دورے میں چیئرمین واپڈا نے مقامی عمائدین اور پراجیکٹ متاثرین کے ساتھ ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے زمین کی تحویل کے حوالے سے طے پانے والے اتفاقِ رائے کیلئے تمام متعلقہ فریقین کے جذبہ کی تعریف کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فریقین کے درمیان طے پانے والے اتفاقِ رائے سے اس منصوبہ کی تیزتر تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ متاثرین کو اراضی اور دیگر املاک کی قیمت ادا کرنے کے علاوہ علاقے میں تعلیم، صحتِ عامہ، بجلی ،مقامی لوگوں کی زندگی میں بہتری لانے اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے 56 ارب روپے سے زائد رقم بھی مختص کی گئی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -