لینڈ مافیا کی معاونت کرنے والے ریونیو افسران کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

لینڈ مافیا کی معاونت کرنے والے ریونیو افسران کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(عامر بٹ سے)جعلی مہریں اور دستخط،فرضی شناخت ،بوگس روزنامچہ رپٹ،خود ساختہ رجسٹرڈ انتقالات،دونمبر روزنامچہ رجسٹرڈ،صوبائی دارلحکومت کے اربن موضع جات میں متحرک جعلساز اور نوسر باز وں پر گرفت ڈالنے کے لئے ڈی سی او لاہورنے حکمت عملی تیار کر لی ،محکمہ اینٹی کرپشن ،نیب،ایف آئی اے اور محکمہ پولیس ک ی مدد سے ریونیو سٹاف کی مرتب کردہ فہرست اور نشاندہی پر لاہور کے موضع جات میں جعلسازی کے کام کرنے والے لینڈ مافیا کو قابو کیا جائے گا ،اجودھیا پور،نیاز بیگ،دولوں کلاں ،دلوخورد،بیلہ بستی رام،گنج کلاں،ساندہ کلاں،امرسدھو،جھلکہ،چندرائے ،کوٹ لکھپت،ہربنس پورہ ،مزنگ ،قلعہ گوجر سنگھ،شیش محل،رکھ کھمبہ میں سب سے زیادہ جعلسازی کے واقعات رونما ہوئے ،ریونیو سٹاف کی مرتب کردہ رپورٹس کے مطابق آئندہ ماہ کے دوران کریک ڈاؤن شروع کردیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے لاہور کے تمام موضع جات میں متحرک قبضہ گروپوں اور ان کی معاونت کرنے والے ریونیو افسران اور پٹواریوں کے خلاف کارروائی کرنے فیصلہ کر لیا ہے جس کا آغاز ریونیو سٹاف کی مرتب کردہ خفیہ رپورٹ کی روشنی میں جنوری 2017سے کر دیا جائے گا ،صوبائی دارلحکومت لاہور کے موضع جات اجودھیا پور،نیاز بیگ،دولوں کلاں ،دلوخورد،بیلہ بستی رام،گنج کلاں،ساندہ کلاں،امرسدھو،جھلکہ،چندرائے ،کوٹ لکھپت،ہربنس پورہ ،مزنگ ،قلعہ گوجر سنگھ،شیش محل،رکھ کھمبہ کے علاوہ درجنوں مزید موضع جات کی فہرست مرتب کی گئی ہے۔ آئے روز کی شکایات ڈی سی او لاہور کے علاوہ بورڈ آف ریونیو کے سرکردہ افسران کو موصو ل ہوتی ہیں ، لاہور میں ایسے اشٹام فروشوں ،ڈیلرز اور لینڈ مافیا کا بھی انکشاف ہوا ہے جنہوں نے پٹواریوں کی ملی بھگت سے پورے پٹوار خانے کے ریکارڈ کی جلدیں اور ریکارڈ کی فوٹوکاپیاں کر وائی ہیں جن کو انہوں نے اپنے دفاتر میں رکھ کرایک جعلی پٹوار خانے کی شکل دے دی ہے جس کا واحد مقصد ریکارڈ میں ٹمپرنگ کرکے سرکاری و نیم سرکاری ،پرائیویٹ جائیدادوں پر اپنے مفادات کے لئے حکم امتناہی حاصل کرکے قبضہ کرنے اور جعلسازی کی پلاننگ کرکے عوام الناس کی جائیدادوں سے کھلواڑ کرنا ہے،بااثر قبضہ مافیا اس ریکارڈ میں ٹمپرنگ کرکے لوگوں کی جائیدادوں کو زور اور زبردستی سے ہتھیا لیتے ہیں۔ایک خفیہ سروے کے مطابق سب سے زیادہ جعلسازی اس وقت نیاز بیگ اور اجودھیا پور میں ہورہی ہے جہاں مقامی پراپرٹی ڈٰیلرز ،اشٹام فروش اپنے جعلی پٹوارخانوں میں بیٹھ کر بوگس روزنامچہ رپٹ اور جعلی مہروں کے ساتھ خود ساختہ دستخط ثبت کرتے ہوئے فردات جاری کرتے ہیں اور عملہ رجسٹریشن برانچ اقبال ٹاؤن اور دیگر برانچوں سے رجسٹریاں پاس کروا رہے ہیں ،اس جعلسازی کے خلاف بالآخر ڈی سی او لاہورنے ان تمام قبضہ گروپوں اور ان کی معاونت کرنے والے ریونیو سٹاف کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے جس کے لئے ریونیو سٹاف کی جانب سے ایک خفیہ رپورٹ ڈی سی او لاہور کو پیش کر دی ہے ۔ریونیو سٹاف نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام پٹواریوں کی بستہ پڑتال کی جائے تو جعلسازی عیاں ہو جائے گی اس کے علاوہ ان تمام موضع جات کا تفصیلی آڈٹ اور تحقیق کی جانی چاہئے جہاں پر جعلسازی اور قبضہ کی شکایات ہیں ۔

مزید :

صفحہ آخر -