تعلیم غربت کے خاتمے،معیار زندگی میں بہتری کیلئے ضروری ہے،امریکی سفیر

تعلیم غربت کے خاتمے،معیار زندگی میں بہتری کیلئے ضروری ہے،امریکی سفیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلا م آباد (سٹاف رپورٹر)امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے آج امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(یو ایس ایڈ)کے صنفی مساوات پروگرام سے جس کا مقصد جنس کی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے حوالے سے سالانہ سولہ روزہ مہم کو منانا ہے سے خطاب کیا۔اسلام آباد کلب میں منعقدہ اس تقریب میں طلبہ، ترقیاتی کاموں کے کارکنان، ماہرین تعلیم اور پاکستان بھر سے اہم حکومتی نمائندوں نے شرکت کی تاکہ کہانیوں، تقاریر اور تھیٹر کے ذریعے صنفی مساوات کو فروغ دیا جا سکے۔ سفیر ڈیوڈ ہیل نے اس مہم کے موضوع’’گھر میں امن سے دنیا میں امن تک: تعلیم کو سب کے لئے محفوظ بنائیں‘‘پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم غربت کے خاتمے ، معیار زندگی میں بہتری، صحت اور تحفظ سے متعلق خطرات میں کمی کیلئے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر بشمول پاکستان میں بہت سی لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم تک محفوظ رسائی حاصل نہیں ہے۔ انہوں نیکہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ پاکستانی حکومت نے لڑکیوں کی تعلیم کو ترقیاتی پروگرام کا اہم جز وقرار دیا ہے۔ صنفی مساوات پروگرام کے نفاذ میں شراکت کار عورت فانڈیشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر نعیم مرزا نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ پروگرام کے تحت جنسی بنیادوں پر تشدد کے متاثرین کی قانون اعانت کے علاوہ ہنگامی بنیادوں پر رہائش کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے شرکا کو پروگرام کے ذریعے تعلیمی مواقع اور ملازمت کیلئے تربیتی پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا جس کی بدولت پاکستان بھر میں خواتین نے اپنے تعلیمی اہداف کو حاصل کیا بلکہ ایسے شعبوں میں نام کمایا جیسے انفارمیشن ٹیکنالوجی جن میں روایتی طور پر مردوں کو بالادستی حاصل تھی۔ پروگرام کی خاص بات لاہور سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کی جانب سے سولہ روزہ سرگرمی مہم کی مناسبت سے تھیٹر شو تھا۔صنفی مساوات پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے افراد نے اپنے تجربات پر تبادلہ خیال کیا جن میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی طالبہ زونیا کنول نے کہا کہ میری تحقیق کا موضوع خواتین کی بااختیار بنانے میں حائل سماجی واقتصادی رکاوٹیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ صنفی مساوات پروگرام کے تحت سکالر شپ کاحصول مجھے تحقیق اور تعلیم کی تکمیل میں اعانت فراہم کریگا۔