اسلام کی عملی تعبیر کیلئے ہمیں سیرت رسولؐ سے استفادہ کرنا ہوگا ‘ ساجد نقوی

اسلام کی عملی تعبیر کیلئے ہمیں سیرت رسولؐ سے استفادہ کرنا ہوگا ‘ ساجد نقوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان (جنرل رپورٹر) قائد ملت جعفریہ پاکستان اور اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے عید میلادالنبی ؐ کی مناسبت سے12تا17 ربیع الاول ملک بھر میں ’’ہفتہ وحدت و اخوت‘‘ منانے کا اعلان کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک باد پیش کی ہے اورکہا ہے کہ حکم قرآنی اور سیرت معصومین ؑ کا تقاضا ہے کہ امت محمدی ؐ کی وحدت اور اتحاد کے لئے کام کیا جائے ۔کارکن عیدمیلادالنبی کے مشترکہ پروگرامز اور اجتماعات منعقد کریں ۔سینکڑوں مشرکات کو بنیاد بناکر معمولی اختلافی مسائل کو پس پشت ڈال کر ملت اسلامیہ کی وحدت کا عملی مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پیغمبر اکرم ؐ نے قرآن کریم‘ اہل بیتؑ ‘احادیث اور اسلامی تعلیمات کی شکل میں نظریہ اور اپنی سیرت عالیہ کی شکل میں عمل کا جو اثاثہ ہمارے لئے چھوڑا ہے اس پر صحیح معنوں میں عمل کرنا ہی ہمارے لئے باعث نجا ت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قرآنی تعلیمات اور اسلام کی عملی تعبیر کے لئے ہمیں سیرت رسول اکرم ؐ سے استفادہ کرنا ہوگا لیکن بدقسمتی سے امت مسلمہ عملی طور پر ان تعلیمات پر عمل پیرا نہیں ہے جس کی وجہ سے مسلسل مصائب و آلام میں مبتلا ہے۔قائد ملت جعفریہ نے عوام اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ہفتہ وحدت کے دوران تمام مسالک اور مکاتب فکر کے مابین وحدت و یگانگت ایجاد کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے مشترکہ پروگرامز اور اجتماعات منعقد کریں ۔