میونسپل سکولز بوگس ٹیچر بھرتی کیس دب کر رہ گیا ‘ مرکزی ملزم سیٹ پر براجمان

میونسپل سکولز بوگس ٹیچر بھرتی کیس دب کر رہ گیا ‘ مرکزی ملزم سیٹ پر براجمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (سٹاف رپورٹر ) کرپشن میں کمایا گیا پیسہ کارروائی سے بچنے کے لئے استعمال ہونے لگا‘میونسپل سکولز بوگس ٹیچر بھرتی کیس دب کر رہ گیا‘ ایک سال بعد بھی مرکزی ملزم کیخلاف کاروائی نہ ہو سکی‘ بدستور سیٹ پر براجمان ہے ‘ڈی سی او آفس میں کیس زیر التوا ہے‘ تفصیل کے مطابق تقریباً ایک (بقیہ نمبر46صفحہ12پر )
سال قبل ایم سی سکولز میں 8اساتذ ہ کی بوگس بھرتی کا انکشاف ہوا ‘8افراد سے فی کس 2لاکھ روپے لے کر جعلی تقرر نامے تھما دئیے گئے اور جوائننگ بھی کرا دی گئی مگر اس بدترین بے ضابطگی کا پول کھل گیا اورانکوائری شروع ہو گئی ‘بعد ازاں اینٹی کرپشن میں سپرنٹنڈنٹ ایم سی سکولز محمد خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو گیا‘ اس دوران یہ بات سامنے آئی کہ سپرنٹنڈنٹ محمد خان نے ہی 2‘2لاکھ روپے وصول کئے ہیں ‘جن افراد نے محمد خان کو رقم دی ‘ ان کو نہیں معلوم تھا کہ جعلی تقرر نامے تھما دئیے گئے ہیں‘ایک تو ان کی رقم گئی اور دوسرا ان کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ٖپڑا‘ حیران کن بات یہ ہے کہ سپرنٹنڈنٹ محمد خان کو معطل کرنا تو درکنار ‘ اسے کوئی اس کی سیٹ سے ہلاتک نہیں سکا ‘ حالانہ اس کا اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج ہے اور ای ڈی او ایجوکیشن اشفاق گجر سمیت محکمہ تعلیم کے حکام کے علم میں بھی یہ بات ہے ‘مگر اس کے باوجود محمد خان کو نہ ہی معطل کیا گیا اور نہ ہی اسے سپرنٹنڈنٹ کے عہدے سے ہٹایا گیا‘ اس کی وجہ محمد خان کی طرف سے اثرو رسوخ اور پیسے کا کھلا استعمال بتائی گئی ہے‘ کرپشن کا پیسہ کارروائی سے بچنے کے لئے استعمال ہو رہا ہے ‘معلوم ہوا ہے کہ محکمہ تعلیم نے سپرنٹنڈنٹ محمد خان کی معطلی کے لئے کیس ڈی سی او آفس بھجوا دیا ہے مگر محمد خان نے اپنے اثر ورسوخ سے کارروائی نہیں ہو نے دی اور بدترین کرپشن اور بے ضابطگی کا کیس ڈی سی او کی عدم توجہی کے باعث زیر التوا ہے اور محکمہ تعلیم اور انتظامیہ کی بدنامی کا باعث بنا ہوا ہے ‘ اس با رے میں ای ڈی او ایجوکیشن اشفاق گجر کا کہنا ہے کہ کیس اینٹی کرپشن میں ہے‘ اس بارے میں اب تک کیا کارروائی ہوئی ہے ‘ اس کے بارے میں اینٹی کرپشن والے بہتر بتا سکتے ہیں ‘ہم تو چاہتے ہیں کہ یہ کرپٹ شخص پکڑا جائے‘ ہم نے اس کا کیس ڈی سی او کو بھجوا دیا ہے ‘ جونہی ڈی سی او نے منظوری دی تو محمد خان کو نہ صرف سپرنٹنڈنٹ کی سیٹ سے ہٹایا جائے گا بلکہ معطل کر دیا جائے گا ۔