واپڈا ٹاؤن فیز تھری غیر قانونی قرار، تشہیری مہم چلانے کا فیصلہ

واپڈا ٹاؤن فیز تھری غیر قانونی قرار، تشہیری مہم چلانے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان ( نمائندہ خصوصی ) جنوبی پنجاب کے ہزاروں شہریوں کے لٹنے کے بعد ایم ڈی اے کی آنکھ کھل گئی ‘ ملتان ترقیاتی ادارے نے واپڈا ٹاؤن فیز تھری کو غیر قانونی قرار دیا ‘ اور فیز تھری کیخلاف تشہیری مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے واپڈا ٹاؤن فیز تھری جب شروع کیا گیا تو ایم ڈی اے کے افسران الاٹیز کی اربوں روپے لٹتے دیکھ کر خاموش رہے‘ مختلف درخواستوں کے باوجود ایم ڈی اے کا شعبہ ٹاؤن پلاننگ ٹس سے مس نہ ہوا بلکہ ایک لیٹر جاری کرنے کیلئے اپنے اعلیٰ افسران کے موڈ کا انتظار کرنے لگا جب فیز تھری میں اربوں روپے مالیت کا فراڈ پکڑا گیا تو ایم ڈی اے نے نیم روی سے کاروائی کی ابتدا کر دی ‘ اب جبکہ واپڈا ٹاؤن کی باڈی تبدیل ہو چکی ہے ‘ نئی باڈی فیز تھری کی اقساط کی مہم چلا رہی ہے تو ایم ڈی اے اب پھر اٹھ کھڑی ہوئی ۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی اجلاس گزشتہ روز ٹاؤن پلاننگ آفیسران اور بلڈنگ انسپکٹرز کا اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے الطاف حسین ساریو کی سربراہی میں ہوا ۔ اجلاس میں مجموعی طور پر شعبہ ٹاؤن پلاننگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں شعبہ ٹاؤن پلاننگ ایم ڈی اے نے واضح کیا کہ واپڈا ٹاؤن فیز تھری مکمل طور پر ایک غیر قانونی اور غیر منظور شدہ کالونی ہے جس کا نقشہ ایم ڈی اے سے منظور شدہ نہ ہے اور نہ ہی ایم ڈی اے میں جمع ہوا ہے ۔ واپڈا ٹاؤن کی کوئی قانونی حیثیت نہ ہے ‘ ایم ڈی اے کی طرف سے جاری کردہ 175 غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی لسٹ میں بھی واپڈا ٹاؤن فیز تھری کا نام شامل ہے اسلئے عوام کو خریداری سے روکنے کیلئے اشتہاری مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ واپڈا ٹاؤن فیز تھری میں پلاٹوں اور فائلوں کی خرید و فروخت سے باز رہیں اور اپنا نقصان نہ کریں ۔ اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے ساتھ ساتھ غیر قانونی لینڈ سب ڈویژن کیخلاف بھی کاروائی تیز کر نے کا فیصلہ کیا گیا ۔