ٹریفک حادثات میں 3جاں بحق، خاتون تیسری منزل سے گر گئی

ٹریفک حادثات میں 3جاں بحق، خاتون تیسری منزل سے گر گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


وہاڑی ،رحیم یار خان،فتح پور،چوک اعظم(نمائندگان)حادثات میں خاتون سمیت 4افراد جاں بحق ہوگئے اس سلسلہ میں وہاڑ ی سے بیورو رپورٹ ‘ نمائندہ خصوصی کے مطابق نواحی علاقہ میاں پکھی 188ای بی کے رہا ئشی بابا شکور کا بیٹا محمد ریاض اور پوتا نعمان کا فی عرصہ سے بسلسلہ روزگار مسقط میں مقیم تھے گزشتہ روز ٹریفک کے المناک حادثہ میں نعمان مسقط میں جاں بحق ہو گیا جبکہ اسکا والد محمدریاض معجزانہ طور پر محفوظ رہا حادثہ کی اطلاع ملتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا ہر آنکھ اشکبار ہو گئی پورا علاقہ سوگوار ہو گیا۔ رحیم یار خان سے بیورو نیوز کے مطابق کوٹ فقیراں کارہائشی50سالہ محمد نواز جو کہ سڑک کنارے پیدل جارہاتھاکہ اسی دوران پیچھے سے آنے والے تیزرفتار موٹرسائیکل سوارنے بے قابوہوکرٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں محمد نوازشدید زخمی ہوگیا۔زخمی ہونے والے راہگیر کو ورثاء نے طبی امداد کے لئے رحیم یارخان ہسپتال منتقل کیا جہاں ایک ماہ تک آئی سی یو وارڈمیں زیرعلاج رہنے کے باوجودگزشتہ روزمحمد نواز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔ فتح پور سے سٹی رپورٹر کے مطابق گزشتہ روز بنیامین ولد بشیر احمد سکنہ چکنمبر334/TDAضلع لیہ اپنے ساتھی ظہور احمد کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار جارہے تھے کہ ایم ایم روڈ پٹرولنگ پوسٹ قاضی آباد کے نزدیک سامنے سے آنے والے تیز رفتار موٹرسائیکل سے ٹکرا کر نیچے جا گرے جبکہ اسی دوران پیچھے سے آنے والے ٹرالر نے کچل دیا جس کی وجہ سے بنیامین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ ظہور کو معمولی چوٹیں آئیں پولیس نے لاش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال فتح پور منتقل کر دیا جبکہ ٹرالر کو قبضے میں لیکر قانونی کاروائی شروع کر دی ۔چوک اعظم سے سٹی رپورٹر کے مطابق سابق ٹیچر محمد اشفاق واہلہ کی بیوی (ط ) گزشتہ روز اپنے گھر واقع واہلہ مارکیٹ کے اوپرتیسری منزل سے کام کاج کے دوران نیچے گر کر جاں بحق ہوگئیں ‘ انہیں زخمی حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال لے جایا گیا مگر سر میں شدید چوٹ آنے کی وجہ سے وہ جان بر نہ ہو سکیں ۔