کراچی میں ایم کیو ایم کے زیر اہتمام محفل میلاد میں کریکر دھماکہ ،چھ افراد زخمی

کراچی میں ایم کیو ایم کے زیر اہتمام محفل میلاد میں کریکر دھماکہ ،چھ افراد ...
کراچی میں ایم کیو ایم کے زیر اہتمام محفل میلاد میں کریکر دھماکہ ،چھ افراد زخمی

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام ہونے والی محفل میلاد میں کریکر دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 6افراد زخمی ہو گئے،محفل میلاد میں وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،فیصل سبز واری،خواجہ اظہار سمیت ایم کیو ایم پاکستان کی دیگر قیادت بھی موجود تھی تاہم متحدہ قومی موومنٹ کے تمام قائدین اس کریکر دھماکے میں محفوظ ہیں۔

میڈ یا رپورٹس کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے پرفیوم چوک پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام رات گئےمحفل میلاد جاری تھی کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار میلاد کی محفل میں کریکر حملہ کر کے با آسانی فرار ہو گئے ،دھماکے کی آواز انتہائی دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے سے محفل میلاد میں بھگدڑ مچ گئی۔بم دھماکے سے 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،زخمی ہونے والوں میں وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے کوآرڈی نیٹر بھی شامل ہیں۔ریسکیو اداروں کے اہلکار ، پولیس اور سیکیورٹی  کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے  ، پولیس اور رینجرز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔دوسری طرف ایس ایس پی ایسٹ کراچی  غلام اظفر مہیسر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے محفل میلاد پر کریکر حملہ کیا، انہیں اس محٖل میلاد کی اطلاع نہیں تھی اور نہ ہی ایم کیو ایم کی جانب سے محفل میلاد کی اجازت لی گئی تھی ،کریکر دھماکے کے بعد انہیں محفل میلاد کے انعقاد کی اطلاع ملی ہے ۔

 ۔ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے زیر اہتمام محفل میلاد جاری تھا جس دوران دھماکہ ہوا تاہم متحدہ قومی موومنٹ کی تمام قیادت اس دھماکے میں محفوظ ہے تاہم 6 کارکن زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔ویڈیو دیکھیں۔۔۔۔۔۔۔۔

مزید : Breaking News /قومی /علاقائی /سندھ /کراچی /اہم خبریں