نااہل ٹولہ ملک کو نقصان پہنچانے پر تلا ہوا ہے،تمام جماعتوں پر مشتمل قومی حکومت تشکیل دی جائے:رانا ثناء اللہ
فیصل آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ نااہل ٹولہ ملک کو نقصان پہنچانے پر تلا ہوا ہے،وقت کی ضرورت ہےکہ قومی حکومت تشکیل دی جائے۔
نجی ٹی وی کے مطابق فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ ملک پر اس وقت نا اہل حکومت مسلط ہے، حکومت کےوزیر آپس میں لڑ ررہے ہیں،نااہل ٹولہ ملک کو نقصان پہنچانے پر تلا ہوا ہے،وقت کی ضرورت ہےکہ قومی حکومت تشکیل دی جائے، قومی حکومت دو سال میں ملک کو سیدھا کردے گی۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے حکومتی اتحادیوں اور وزرا کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا ہے، پنجاب کےسب سے بڑے ڈاکو پرویز الہیٰ کے خلاف بھی ریفرنس تیار ہے،نیب نےدو ماہ تک شہباز شریف کو جسمانی ریمانڈ پر رکھا لیکن ان دو ماہ میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف پر کرپشن کا ایک بھی الزام ثابت نہیں کیا جا سکا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارسطو نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا،اگر ڈالر 150 پر چلا گیا تو ملک کے لیے خطرہ بن جائے گا،انڈہ اور مرغی سے ملک کی معیشت بہتر کرنا صرف ایک مذاق ہے کیوں کہ معیشت کو کٹا پال اور مرغی پال پالیسی سے نہیں ٹھیک کیا جا سکتا ،جب کہ عمران خان کی مرغی خود گندے انڈے دے رہی ہے۔رانا ثنا اللہ خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور موجودہ وزرا ڈرگز کے زیر اثر ہیں، جمہوریت ڈی ریل نہ ہو اس لئے احتجاج نہیں کیا۔