محبوبہ کے موبائل پر میسج دیکھ کر اماراتی آدمی نے اسے قید کردیا، لڑکی جب عدالت پہنچی تو اُلٹا لینے کے دینے پڑگئے
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی میں ایک اماراتی شخص نے اپنی محبوبہ کو موبائل پر کسی دوسرے شخص کے ساتھ چیٹنگ کرتے ہوئے پکڑ لیا اور گھر میں قید کر دیا۔ لڑکی کسی طرح پولیس کو اطلاع دینے میں کامیاب ہو گئی اور جب بات عدالت میں پہنچی تو اسے الٹا لینے کے دینے پڑ گئے۔ گلف نیوز کے مطابق پولیس کو اس 18سالہ لڑکی کی طرف سے فون کال موصول ہوئی جس میں اس نے بتایا کہ اس کے اماراتی بوائے فرینڈ نے اسے اور اس کی ایک کزن کو اپنے بنگلے میں قید کر رکھا ہے۔ پولیس بنگلے پر پہنچی اور دونوں لڑکیوں کو بازیاب کروایا۔ بعدازاں اس اماراتی شخص کو بھی گرفتار کر کے تینوں کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق عدالت میں لڑکے پر لڑکیوں کو قید رکھنے کا الزام تو ثابت نہ ہوا لیکن لڑکے اور اس کی گرل فرینڈ کو بغیر شادی کے جنسی تعلق استوار کرنے پر دو دو ماہ قید کی سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا۔ تاہم لڑکی کی کزن کو رہا کر دیا گیا۔سزا پانے والی لڑکی بیرون ملک سے تعلق رکھتی ہے اور اسے سزا پوری ہونے کے بعد ملک بدر کر دیا جائے گا۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس کا تعلق کس ملک سے ہے۔