مولانا طارق جمیل کی علامہ طاہر القادری سےملاقات
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ممتاز عالم دین،سکالر اور تبلیغی جماعت کے رہنما مولانا طارق جمیل کی ڈاکٹر طاہر القادری سے ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات،مولانا طارق جمیل نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تالیف کردہ آٹھ جلدوں پر مشتمل جامع قرآنی اِنسائیکلوپیڈیا پر انہیں مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق معروف مبلغ اور دینی سکالر مولانا طارق جمیل نے لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات کی ۔مولانا طارق جمیل کی آمد پر ڈاکٹر طاہر القادری اور پاکستان عوامی تحریک کے دیگر راہنماؤں نے پر تپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ۔ مولانا طارق جمیل نےڈاکٹر طاہر القادری کو ان کی تالیف کردہ آٹھ جلدوں پر مشتمل جامع قرآنی اِنسائیکلوپیڈیا شائع ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ۔مولانا طارق جمیل نے کہا کہ انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی میں شرکت کا دعوت نامہ مل گیا تھا مگر پہلے سے طے شدہ مصروفیت کی وجہ سے شریک نہ ہو سکا ۔مولانا طارق جمیل نے ڈاکٹر طاہر القادری کو علوم قرآن وسنت پر علمی تحقیقی کتب تحریر کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا علمی کام عالم اسلام اور انسانیت کی خدمت ہے۔
قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے رہائش گاہ پر تشریف لانے اور ملاقات کے لئے آنے پر مولانا طارق جمیل کا شکریہ ادا کرتے ہوئےرواں سال شائع ہونے والی اپنی کتب کے بارے میں بتایا اور کہا کہ پاکستان اور عالم اسلام کا مستقبل کتاب اور علم سے جڑا ہے،فکری تنگ نظری اور ہر قسم کی انتہاپسندی فرقہ واریت سے نجات کے لئے مصادر علم قران وحدیث کے گہرے مطالعہ اور مشاہدہ کی طرف پلٹنا ہو گا. ملاقات میں ڈاکٹر حسین محی الدین، ڈاکٹر فیاض رانجھا، ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ فاروق رانا، نوراللہ صدیقی، شاہد لطیف اور راجہ زاہد سمیت دیگر راہنما موجود تھے۔