وعدے پورے نہ کئے تو ایم کیو ایم حکومت سے الگ ہو جائے گی :میئر کراچی وسیم اختر نے وزیر اعظم کو دھمکی دے دی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)میئر کراچی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما وسیم اختر نے کہا ہے کہ وعدے پورے نہ کئے تو ایم کیو ایم حکومت سے الگ ہو جائے گی۔
نجی ٹی وی ’’ڈان نیوز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں وفاق نے وعدے پورے نہ کئے تو متحدہ قومی موومنٹ حکومت سے الگ ہو جائے گی ، اس وقت ہم سے زیادہ کوئی مضبوط سیاسی جماعت نہیں اور ہماری وہ پوزیشن ہے کہ اگر ہم وفاقی حکومت سے الگ ہوجائیں تو حکومت ختم ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جو وزیر اعظم کو مطالبات بتائے تھے ان پر ایک وقت تک ان پر انتظار کیا جارہا ہے، پھر اس کے بعد ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی فیصلہ کرے گی، مطالبےپورے نہ ہوئے تو ہم حکومت سے کنارہ کشی اختیار کرلیں گے۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت متحدہ کو ملے گی اور اس حوالے سے ہماری وزیر اعظم عمران خان سے بات ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ایس پی میں جو لوگ منظر پر آئے تھے وہ سب واپس چلے گئے ہیں اور پاک سرزمین پارٹی بھی منظر سے غائب ہو چکی ہے ۔