تجاوزات کے خلاف آپریشن پر چھوٹی نہیں بلکہ بڑی بندوق لے کر جاوں گا ،سیاسی منظر نامے کے ”شاہ رخ خان “کا تہلکہ خیز بیان
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ تجاوزات کیخلاف آپریشن پر اس بار چھوٹی نہیں بلکہ بڑی بندوق لے کر جاو¿ں گا۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ آئینی دائرہ کار میں رہ کرکام کریں گے، گورنر ہاوس کو سیاست زدہ نہیں ہونا چاہیے، اگر ہوا تو سارا ماحول خراب ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کیخلاف کارروائیاں ان علاقوں میں ہورہی ہیں جہاں پاکستان تحریک انصاف کے ووٹرز ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہ ہوکہ دوسری طرف کی تجاوزات ہٹانے کیلئے مجھے بلڈوزر کرائے پر لینا پڑے، اس بار چھوٹی بندوق نہیں بلکہ بڑی بندوق لیکر جاوں گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا بھی پرائیویٹ گارڈز کے ہمراہ اسلحہ سے لیس اور بلٹ پروف جیکٹ پہن کر جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے۔جائے وقوع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے آئے ہیں اور وہ ملک کیلئے لڑیں گے۔اس پر سوشل میڈ یا صارفین نے انہیں ہیرو اور شاہ رخ خان قرار دینا شروع کردیا تھا ۔