معیشت کی بہتری سے سرمایہ کاری  میں اضافہ ہورہاہے‘ پیاف

  معیشت کی بہتری سے سرمایہ کاری  میں اضافہ ہورہاہے‘ پیاف

  

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشین فرنٹ (پیاف) نے پاکستان کے اکنامک آؤٹ لک میں استحکام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موڈی نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کی معیشت کی منفی سے مستحکم ریٹنگ کی ہے جبکہ بہتر ہوتے ہوئے اقتصادی اعشاریے پاکستان کی معیشت پر عالمی مالیاتی اداروں کے بڑھتے ہوئے اعتبار سے مقامی اور غیرملکی سرمایہ کار متوجہ ہو رہے ہیں۔ پیاف کے چیئرمین میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ موڈی کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ کو منفی سے مستحکم کرنا ملک کے لئے اچھی خبر ہے۔ انہوں ے کہا کہ اس سے پاکستان کی معیشت میں متعارف کرائی گئی اصلاحات کو عالمی مالیاتی ادارے بھی سراہا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی استحکام سے ملک میں کی جانے والی پورٹ فولیو سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہے اور سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری سے پرکشش منافع جات کی توقع رکھتے ہیں۔ 

دیگر مثبت معاشی اعشاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 236فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس حوالے سے پیاف کے ایک اور رکن نعمان کبیر نے کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران ٹیکس آمدن میں 16فیصد اضافہ قابل تعریف ہے جبکہ حکومتی اخراجات پر بھی سختی سے کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ مالیاتی اقدامات سے ملک ادائیگیوں کے توازن کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ پیاف کے سینئر وائس چیئرمین ناصر حمید نے کہا کہ حکومت بجلی اور گیس کے نرخوں میں کمی کرے اور ان کو خطے کے ممالک کے مساوی لایا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ کاروباری آسانیوں اور پیداواری اخراجات میں کمی سے برآمدات میں اضافہ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

مزید :

کامرس -