معاشی بحران عارضی، 2020ترقی، خوشحالی کا سال ہو گا: اسد قیصر

        معاشی بحران عارضی، 2020ترقی، خوشحالی کا سال ہو گا: اسد قیصر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


صوابی(این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آنے والے سال 2020کو پاکستان کی معاشی ترقی، خوشحالی اور بے روزگاری کے خاتمے کا سال قرار دیتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ اس وقت جو معاشی بحران ہے یہ عارضی اور مصنوعی بحران دو ماہ بعد ختم ہو کر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی ہو جائے گی۔ خوشحالی کا ایک نیا دور آرہا ہے وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو دیوالیہ سے بچانے کے لئے سخت اور مشکل فیصلے کئے لیکن اس سخت فیصلوں کے ثمرات مہنگائی میں کمی کی شکل میں محسوس کی جائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے موضع زیدہ میں پاکستان پیپلز پارٹی لائرز ونگ کے صوبائی صدر اور سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل مزمل خان ایڈوکیٹ کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ جس سے وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان، ایم پی اے عاقب اللہ خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں سپیکر نے زیدہ بائی پاس کی نو تعمیر شدہ روڈ کا افتتاح کیا اور اسی طرح یونین کونسل سلیم خان میں پل، پلوڈنڈ سلیم خان روڈ، گورنمنٹ ہائی سیکنڈری سکول، عید گاہ غلام جان کوٹھے روڈ، حمید روڈ سلیم خان اور قاضی آباد سلیم خان چوک روڈ کے منصوبوں کا بھی باضابطہ افتتاح کیا۔ سپیکر اسد قیصر نے زیدہ اور سلیم خان میں الگ الگ جلسوں سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ فاٹا کی ترقی ہمارے اولین ترجیح ہے۔ فاٹا کے حوالے سے ہم نے جو عملی اقدامات کئے اس کے روشنی میں وہاں کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسرہونگے۔انہوں نے کہا کہ لنڈی کوتل کو اکنامک کاریڈور بنائیں گے افغانستان ہمارا نہ صرف پڑوسی مسلمان ملک ہے بلکہ وہاں اور پاکستان کے پختون دونوں ایک ہے ہمارے رسم و رواج ایک ہے ہم افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں اور جب بھی افغانستان کا دورہ کیا تو افغان حکومت کے ساتھ بہتر تعلقات کے قیام پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رشکئی کے مقام پر اکنامک زون کاا فتتاح وزیر اعظم عمران خان نئے سال کے آغاز پر کرینگے اس منصوبے میں لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کو حکومت ملی تو خزانے میں بیس دنوں کے اخراجات کے لئے رقم موجود تھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے لئے رقم تک نہیں تھی۔عمران خان نے کامیاب دوروں کے دوران سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین وغیرہ سے بارہ ارب ڈالر قرضہ لیا جس سے کام چلایا گیا اگر عمران خان سخت فیصلے نہ کر تے تو اس کے نتیجے میں ملک ڈیفالٹ ہو جاتا انہوں نے کہا کہ جس طرح بھارت کے ساتھ معاہدے کئے اسی طرح افغانستان کے ساتھ بھی ملک کے مفاد کے لئے معاہدے کئے جائیں گے۔ وزیر ستان کے راستے ٹرین سروس بحال کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ ملک میں جو مہنگائی ہے یہ ہم نے نہیں لائی بلکہ یہ سابقہ حکومتوں کے کر توتوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ صوابی میں بہت جلد 220کے وی برحان ٹرانسمشن لائن شروع کر دیگا باچا خان میڈیکل کمپلیکس اور ضلعی ہسپتال صوابی میں تعمیراتی کام جاری ہے جب کہ دونوں ہسپتالوں میں خالی پوسٹوں پر ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کی تقرری کی منظوری دی جا چکی ہے۔
اسد قیصر

مزید :

علاقائی -