پولیس عوام کے تحفظ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی: شعیب دستگیر
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے لاہور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ڈولفن فورس کے اہلکار محسن کی بے مثال قربانی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کانسٹیبل محسن نے فرض کی ادائیگی کے دوران ڈاکوؤں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہادت جیسے عظیم رتبے پر فائز ہوکر محکمہ پولیس اور پوری فورس کا سر فخر سے بلند کردیا ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ کانسٹیبل محسن شہید جیسے بہادر سپوتوں کے باعث معاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار ہے اورپنجاب پولیس عوام کی جان وما ل کے تحفظ کے مقدس مشن میں مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے سی سی پی او لاہور کو ہدایت کی کہ وہ شہید کانسٹیبل کے قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری کویقینی بنائیں اور انکے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کومزید ہدایت کی کہ شہید اہلکار محسن کے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور ویلفیئر کا بھی بھرپور خیال رکھا جائے اور لاہور پولیس انکے ساتھ مستقل رابطہ رکھتے ہوئے انہیں درپیش مسائل کا فی الفور حل یقینی بنائیں۔ انہوں نے صوبے بھر میں سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ صوبے بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے اور تمام اضلاع میں سرچ،سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے۔ انہوں نے تاکید کی عوام کی جان و مال کے تحفظ کے عمل میں پولیس فورس فرض شناسی کے ساتھ کسی قربانی سے دریغ نہ کرے اور معاشرے میں قانون کی حکمرانی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔