ایرانی فوجی نے 3 پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا
تہران(این این آئی)ایران کے جنوب میں ایک فوجی نے تین پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی نے بتایاکہ یہ واقعہ ساحلی شہر بندر لنگہ میں واقع ایک پولیس تھانے میں پیش آیا۔ یہ شہر دارالحکومت تہران سے قریباً ایک ہزار کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔پولیس نے ملزم فوجی کو فوری طور پر گرفتار کر لیا لیکن نے یہ نہیں بتایا کہ اس فوجی نے پولیس اہلکاروں پر کیوں فائرنگ کی اور اس واقعے کا محرک کیا چیز بنی ہے؟البتہ صرف یہ کہا گیا کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔واضح رہے کہ ماہرین اس طرح کے واقعات کو لازمی فوجی خدمات انجام دینے کی پابندی پر نوجوان فوجیوں میں پائے جانے والے نفسیاتی دباؤ اور غیظ وغضب کا شاخسانہ قرار دیتے ہیں۔ ایران میں 19 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کو لازمی طور پر دوسال تک فوج میں خدمات انجام دینا پڑتی ہیں۔اس پابندی کی وجہ سے بہت سے نوجوان نفسیاتی عوارض کا شکار ہوجاتے ہیں اور ان میں بعض مشتعل ہوکر سنگین جرائم کے مرتکب ہوجاتے ہیں۔
تین ہلاک