کرکٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین کون ہوں گے؟ ایسی شخصیت کا نام سامنے آ گیا کہ جان کر آپ بھی کہیں گے ” انہیں ہی ہونا چاہیے “
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )کرکٹ کمیٹی کے رکن اور سابق کپتان وسیم اکرم کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین شپ کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیے جانے لگے ہیں ۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سابق کپتان وسیم اکرم سے چیئرمین کرکٹ کمیٹی سے متعلق بات کرے گا جبکہ اس معاملے میں کمیٹی کے دیگر اراکین کے لیے بھی کرکٹرز سے ملاقات کی جائی گی۔پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا اعلان اگلے دو ہفتوں میں کر دیا جائےگا ، نئی کرکٹ کمیٹی میں وسیم خان کے علاوہ کرکٹ بورڈ کا کوئی دوسرا عہدیدار شامل نہیں ہوگا۔
اس وقت کمیٹی میں ڈائریکٹر کرکٹ ذاکر خان ، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید اور ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر شامل ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ بنگلا دیش کے خلاف سیریز سے قبل کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہونا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ وسیم خان کرکٹ کمیٹی کے عہدے سے دستبردار ہوگئے ہیں اور اب کرکٹ کمیٹی کا نیا چیئرمین سابق کرکٹر ہوگا۔یاد رہے کہ پی سی بی نے محسن حسن خان کی سربراہی میں گزشتہ برس کرکٹ کمیٹی قا ئم کی جس میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور ویمن کرکٹر عروج ممتاز کو شامل کیا گیا۔محسن حسن خان نے چئیرمین شپ چھوڑی تو وسیم خان کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی تھیں۔مصباح الحق نے جب ہیڈ کوچ کے لیے درخواست دی تو وہ بھی کمیٹی سے الگ ہو گئے تھے۔