لڑکے نے جنسی تعلق استوار کرنے کے بعد شادی سے انکار کر دیا لیکن پھر نوجوان لڑکی نے کیا کیا ؟ بھارت میں انوکھی ترین شادی ہو گئی
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت میں شادی سے مکر جانے پر لڑکی نے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کی کوشش کی تاہم ہسپتال میں اس کی جان بچا لی گئی اور لڑکی کے محبوب نے بھی ہسپتال پہنچ کر آئی سی یو میں شادی رچا لی ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں انتہائی انوکھی تقریب میں زیرعلاج مریضہ کی شادی ہوئی ہے، نوجوان لڑکی نے اپنے محبوب کی جانب سے شادی سے انکار پر زہریلی دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی تھی اور ہسپتال میں زیر علاج تھی۔ایک ہفتے بعد لڑکی کے ہوش میں آنے پر اس کے دوست نے ہسپتال آکر لڑکی سے شادی کرلی۔ تقریب میں ہسپتال کے عملے نے بھی شرکت کی۔ لڑکی کا تعلق نچلی ذات سے ہے جس پر لڑکے نے شادی سے انکار کردیا تھا تاہم خودکشی کی کوشش کے بعد لڑکے کو شادی کرنا پڑگئی۔دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ لڑکے نے جنسی تعلق استوار کرنے کے بعد شادی سے انکار کردیا تھا جس پر لڑکی نے زیادتی کا مقدمہ بھی درج کرایا تھا تاہم اس پر بھی لڑکا شادی کیلئے تیار نہیں ہوا تو لڑکی نے زہریلی دوا پی لی تھی۔ لڑکی کے اہل خانہ نے پولیس کے بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔