نواز شریف کے گھر کے باہر احتجاج پر خواجہ آصف کی تقریر، مراد سعید بھی میدان میں آگئے، کراراجواب دے دیا

نواز شریف کے گھر کے باہر احتجاج پر خواجہ آصف کی تقریر، مراد سعید بھی میدان ...
نواز شریف کے گھر کے باہر احتجاج پر خواجہ آصف کی تقریر، مراد سعید بھی میدان میں آگئے، کراراجواب دے دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ نواز شریف کے گھر کے باہر ہونے والے احتجاج سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں ہے،ہم اِس طرح کےرویے کی مذمت کرتےہیں،سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی سبز رنگ کی بلٹ پروف گاڑی میں پنجاب ایلیٹ فورس کی حفاظت میں کک بیکس کا پیسہ ماڈل ٹاؤن منتقل کیاجاتاتھا، جہاں سے  اسے باہر  بجھوایا گیا اور شہباز شریف اورحمزہ شہباز کی بیگمات کے لئے  گھرخریدنے کیلئے  یہ پیسہ واپس لایاگیا۔ اپوزیشن لیڈر کہاں ہیں اب تو انہیں تلاش کرتے کرتے شہزاد اکبر پارلیمنٹ پہنچ گئے ہیں،  الزام کےحوالے سے  شہباز شریف کم ازکم برطانوی صحافی کے گھر کی گھنٹی ہی بجاآتے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی تقریر کے جواب میں قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے  وزیر دفاع اور وزیر خارجہ بیرون ملک درزی، دھوبی، موچی کا کام کرتے رہے، یہاں حلف اٹھاتے تھے وہاں 15,15لاکھ تنخواہ لے رہے تھے،اِن کی وجہ سے لوگوں میں نفرت پیدا ہوئی ہے،لندن میں جس گھر کے  باہر احتجاج کی بات ہورہی ہے اُسے ثابت کرنے میں ہمیں 5 سال لگے ہیں، پہلے  یہ کہتے تھے کہ ہماری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے، تحریک انصاف کا اِس احتجاج سے کوئی تعلق نہیں،ہماری پارٹی اس طرح کے رویے کی شدید مذمت کرتی ہے،میری اطلاعات کے مطابق ایک غیرسرکاری  تنظیم نے  اُن  کے گھر کے باہر مظاہرہ کیا اور سوال اٹھایا کہ پاکستان کے عوام کوکہتے تھے ووٹ کوعزت دو پھر کہا مجھے باہر جانے دو  اور    اب کہتے ہیں کہ مجھے اجازت دو ،ایوان میں بڑی دھمکیاں دی گئیں،یہ جانتے تھے کہ لندن سے واپسی پر ان سے سوال ہوں گے،سن لیں دھمکیوں کا کلچر نہیں چلے گا۔

مراد سعید  نے اپوزیشن لیڈر کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے  کہا کہ شہباز  شریف  کہتے  تھے  کہ برطانیہ میں جاکر مقدمہ کروں گا،آج تک شہباز شریف نے لندن میں اس معاملے پر بات نہیں کی ،کم ازکم وہ اُس برطانوی صحافی کے گھر کی گھنٹی بجا کر بھاگ آتے،یہ ایوان اس لئے نہیں ہے کہ کرپشن کیسز کا دفاع کیا جائے، احسن اقبال کے بھائی کو غلط طریقے سے ٹھیکے دئیے گئے، ٹی ٹی سکینڈل کا جواب شہباز شریف کیوں نہیں دیتے؟ 18سوالات  ان کا تعاقب کرتے رہیں گے،شہزاد اکبر اب تو شہباز شریف کو تلاش کرتے کرتے پارلیمنٹ پہنچ  گئے ہیں، شہباز شریف جب وزیراعلیٰ تھے ،ہرے رنگ کی بلٹ پروف گاڑی میں ایلیٹ فورس کی نگرانی میں کک بیکس کی رقم رکھی جاتی اور ایلیٹ فورس کی حفاظت میں ماڈل ٹاؤن منتقل کی جاتی،سلمان شہباز کک بیکس ماسٹر تھے،اربوں روپے  گاڑی میں رکھے جاتے ، ماڈل ٹاؤن گھر لے جاکر  جواریوں کی طرح اِن پیسوں کو گنتے، نواز شریف نے  جس طرح ایوان میں کہا اُس طرح شہباز شریف بھی سپیکر کے سامنے کھڑے ہوکر کہیں یہ ہیں وہ ذرائع جہاں سے یہ رقم آئی،سی ایم پنجاب کی گاڑی میں منی لانڈرنگ کا پیسہ جمع ہوتارہا اور حرام کے اس پیسے  کی پنجاب ایلیٹ فورس حفاظت کرتی رہی،باہر منتقل کیا گیا اور شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی بیگمات  کیلئے محلات خریدنے کیلئے  پاکستان  واپس لائے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمیں آرڈیننس کا طعنہ دیتے ہیں،پیپلزپارٹی کے دور میں357آرڈیننس منظور کیےگئے،ن لیگ کےدورمیں سالانہ119آرڈیننس منظوری کا تناسب تھا،ہمارے ڈیڑھ سال میں صرف20آرڈییننس منظورہوئے،آج اِنسداد کرپشن کا عالمی دن ہے،آج ہمیں کرپشن کے خاتمے پر بات کرنی چاہیے تھی مگر یہاں کرپشن کیسز کا دفاع ہورہا ہے،سب مال گول ہے، گڈ نیچر کے نام سے جعلی کمپنی بنائی،جعلی ملازمین رکھے،سر چکرانے والی منی لانڈرنگ ہے ،منظور پاپڑ والے سے لے کر ریڑھی بانوں تک کہانیاں پھیلی ہوئی ہیں،دونوں پارٹیوں نے مک مکا کررکھا تھا کہ لوٹو اور بھول جاؤ  مگر عمران خان نے آتے ہی اعلان کیا کہ لوٹ مار کے مال کو نہیں بھولیں گے  اور ان سے نکلوائیں گے اور ان کو بھی نہیں بھولنے دیں گے۔ مراد سعید نے کہا کہ شریف خاندان کے تمام پانچ گھروں  کا سرکاری خرچہ ہوتا تھا،چھ فرنٹ کمپنیاں بنا رکھی تھیں،وزیراعلیٰ پنجاب کی گاڑی کو استعمال کیا گیا،یہ وزراء تھے یا دھوبی ، موچی ، درزی جو اقامے لے کر نوکریاں کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بزدل کبھی بغاوت نہیں کرسکتے،یہ خاندان اپنے انجام کو پہنچے گا ،اِنہوں نے  تمام اداروں کو نہ صرف گروی رکھا بلکہ خسارے میں چھوڑ کر گئے۔

مزید :

قومی -