”حکومت یہ کام کرکے اتفاق رائے پیدا نہیں کرسکتی “احسن اقبال نے واضح کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ اس ملک کے ساتھ اور آئین کے ساتھ نہ کھیلیں ،حکومت اپوزیشن کے ساتھ محاذ آرائی کرکے اتفاق رائے نہیں پیدا کرسکتی۔
جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم عمران خان کو پیغام دے رہے ہیں کہ اس ملک کے ساتھ اور آئین کے ساتھ نہ کھیلیں ،حکومت اپوزیشن کے ساتھ محاذ آرائی کرکے اتفاق رائے نہیں پیدا کرسکتی۔
احسن اقبال نے کہا کہ شبہ ہے کہ حکومت بدنیتی کے ساتھ یہ سب کچھ کررہی ہے تاکہ اہم قانون سازی نہ ہوسکے ، عمران خان کے بیان کے بعد اپوزیشن کیخلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ نہیں بیٹھے گی تو قانون سازی کا مرحلہ کیسے طے ہوگا ؟انہوں نے کہا کہ جو یہ سمجھتاہے کہ یہ ملک اس کی خواہش کے مطابق چلے گا تو یہ فاشزم میں ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیٹیاں والد کے لئے بہت حساس ہوتی ہیں ، اپنے والد کی عیادت کیلئے جانا مریم نواز کاحق ہے ۔