وزیر اعظم عمران خان لندن میں نواز شریف کے گھر پر حملے کی تحقیقات کرائیں:راجہ پرویز اشرف
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نےکہا ہے کہ سیاست میں شائستگی، بردباری کاکلیدی کردار ہے،غصہ ، جنون اور طیش سے سیاست تباہی کی طرف جائے گی،یہ نہیں ہوسکتا ہے کہ آپ کسی کے گھر پر حملہ کریں اور آپ کاگھر محفوظ رہے،وزیر اعظم عمران خان لندن میں نواز شریف کے گھر پر حملے کی تحقیقات کرائیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں خطاب کرتےہوئے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے لندن میں واقع گھر کے گھیراؤ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کی حکومت کو بھی مذمت کرنی چاہیے ،سیاست میں شائستگی، بردباری کاکلیدی کردار ہے،غصے ، جنون اور طیش سے سیاست تباہی کی طرف جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا ہے کہ آپ کسی کے گھر پر حملہ کریں اور آپ کا اپنا گھر محفوظ رہے،عزت کرنے سے عزت ملتی ہے،سیاستدانوں کے گھروں پر بیرون ملک حملے سے پاکستان کے وقار کو دھچکا لگ سکتا ہے۔راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ سوچنے کی بات ہے کہ کیا مسلم لیگ ن 4,5 سو لوگوں کو لندن میں جمع نہیں کرسکتی؟یہ ہم کس طرف جارہے ہیں تاکہ لوگ سیاست کی طرف نہ پھٹکیں؟نوازشریف کے گھر کے گھیراؤ نے میرے رونگٹے کھڑے کردئیے ہیں، وزیراعظم عمران خان اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائیں۔اُنہوں نے کہا کہ کیا کل وزیراعظم لندن نہیں جائیں گے؟ کیا وہ ہوائی اڈے سے باہر نہیں آئیں گے؟ اگرمسلم لیگ ن کے کارکن جمع ہوگئے تو کیا ہوگا ؟یہ آگ نہ لگائیں سب گھروں تک پہنچ جائے گی ۔اُنہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ماحول اچھاہو، قانون سازی ہو، یہ ایک قدم آگے بڑھائیں ہم چار قدم آگے بڑھائیں گے،اسمبلی میں عوامی مسائل زیر بحث نہیں آرہے ہیں ،ایوان میں ہم ایک دوسرے کا چہرہ نوچ کر چلے جاتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں بدامنی عروج پر ہے، میرے حلقے میں کونسلر چوہدری وحید پر پولیس نے فائرنگ کردی ،والی بال کے ایک قومی شہرت یافتہ کھلاڑی کو راولپنڈی میں قتل کردیا گیا،اِس کی والدہ کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان ، چیف آف آرمی سٹاف سے انصاف مانگ رہی ہیں۔