نا اہل و نالائق حکمرانوں نے ملکی معیشت کا دیوالیہ نکال دیا، عبد الغفور حیدری

  نا اہل و نالائق حکمرانوں نے ملکی معیشت کا دیوالیہ نکال دیا، عبد الغفور ...

  

جیکب آباد(آن لائن) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران نااہل اور نالائق ہیں، ملک کی معیشت کا دیوالیہ نکال دیا گیا ہے، آوران میں خواتین کی ماورائے عدالت گرفتاریاں اسلامی اور بلوچی روایات کے منافی ہیں، گرفتار کی گئی خواتین کو آزاد کیا جائے، کشمیر میں 4ماہ سے دہشت اور وحشت کا موحول ہے مگر حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کی حق خودارادیت کی جنگ میں ان کے ساتھ ہے، مشرقی وسطیٰ میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ غیر ملکی فوجیں فوراً انخلاء کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ نااہل اور ناکام حکمران مایوسی اور فرسٹریشن کا شکار ہوچکے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے دعویدار حکمرانوں نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، نااہلی کے باعث ملکی معیشت کا دیوالیہ نکال چکا ہے، کاروبار اور روزگار کے مواقع بند ہوچکے ہیں، عمران نیازی کا مائنس ہونا ملک و ملت کے لیے لازمی ہوچکا ہے، موجودہ حکمرانوں کو مزید وقت دینا قوم کے ساتھ ظلم و ذیادتی کے مترادف ہوگا، حکمرانوں کو اب نکال کر ہی دم لیں گے،انہوں نے کہا کہ کروڑوں نوکریاں اور گھر دینے کا وعدہ کرنے والے حکمرانوں نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کیا اور غریبوں کے لاکھوں گھروں کو مسمار کردیا، انہوں نے کہا کہ حکمران صرف نااہل ہی نہیں بلکہ نالائق بھی ہیں اس لیے ان سے کوئی ادارہ چلایا نہیں جارہا، ملک کی معیشت تباہی کی طرف جارہی ہے اور بے روزگاری اور مہنگائی کے باعث عوام کا جینا محال ہوگیا ہے حکمران صرف سب ٹھیک ہے کا کھوکھلا نعرہ لگارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ 4ماہ سے کشمیر میں دہشت اور وحشت کا موحول ہونے کے باعث غیر یقینی کی صورتحال ہے، 144 نافذ کرکے مظلوم کشمیریوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، کشمیر میں 9لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے کشمیر ی عوام پاکستان کو پکار رہی ہے مگر ہمارے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ مشرقی وسطیٰ میں غیر ملکی افواج کی موجودگی میں کبھی امن امان قائم نہیں ہوسکتا، خطے میں قیام امن کے لیے غیر ملکی فوجیوں کا انخلاء ضروری ہے۔ 

مولاناحیدری

مزید :

علاقائی -