کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں،جام اکرام

 کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں،جام اکرام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کے لئے کرپشن ایک ناسور کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ ترقیاتی منصوبوں کو دیمک کی طرح چاٹ لیتی ہے جب تک پوری قوم کرپشن کے خاتمے کے لئے متحد نہیں ہوگی اس وقت تک اس کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے بدعنوانی کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے صوبے سے کرپشن کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے اور محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کے کرپٹ عناصر کے خلاف مسلسل کاروائیاں اس عزم کا مظہر ہیں کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے رکھا ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ نے حالیہ ماہ میں کئی بڑی کاروائیوں کے دوران با اثر ملزمان کو گرفتارکر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں اور تمام کیسز کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کرپشن کے خلاف بھرپور مہم چلائی ہے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اس کے مضمرات سے محفوظ رکھ سکیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے عوام سے درخواست کہ وہ کرپشن اور کرپٹ عناصر کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کو مطلع کریں اور اس مقصد کے لئے ہیلپ لائن 1414 پر رابط کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عوام یقین دلایا کہ شکایات موصول ہونے پر کرپٹ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔