بیوی سے بحث کے بعد شوہر نے پیدل چلتے چلتے 450 کلومیٹر کا سفر طے کرلیا، پولیس نے جرمانہ بھی کردیا

بیوی سے بحث کے بعد شوہر نے پیدل چلتے چلتے 450 کلومیٹر کا سفر طے کرلیا، پولیس نے ...
بیوی سے بحث کے بعد شوہر نے پیدل چلتے چلتے 450 کلومیٹر کا سفر طے کرلیا، پولیس نے جرمانہ بھی کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

روم(مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی میں بیوی کے ساتھ جھگڑے کے بعد ایک آدمی غصے میں گھر سے پیدل نکل کھڑا ہوا اور اتنا فاصلہ طے کر ڈالا کہ سن کر یقین کرنا مشکل ہو جائے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس اطالوی شخص نے بیوی کے ساتھ لڑائی کے بعد اپنا غصہ کم کرنے کے لیے پیدل سفر شروع کیا اور 450کلومیٹر تک پیدل چلتا چلا گیا۔ بالآخر اسے پولیس نے روکا اور لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی پر اس کو جرمانہ کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ آدمی ایک ہفتے سے زائد وقت تک چلتا رہا۔ اس نے اٹلی کے شہر کومو سے چلنا شروع کیا اور ساڑھے 400کلومیٹر دور ایک قصبے فینو کے قریب پہنچ کر اسے پولیس نے روکا۔ جب پولیس والوں کو پتا چلا کہ وہ بیوی سے لڑ کر اتنی دور پیدل چل کر آیا ہے تو آفیسرز بھی حیران رہ گئے اور اسے تحویل میں لے لیا۔ آدمی سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ دوران تفتیش جب پولیس نے کومو میں اس آدمی کی بیوی سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ کومو میں اس آدمی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرواچکی تھی۔
 پولیس نے آدمی کا طبی معائنہ کرایا، جس میں معلوم ہوا کہ اسے سردی لگ چکی ہے اور وہ شدید تھکاوٹ کا شکار ہے۔ پوچھ گچھ میں آدمی نے حیران کن طور پر پولیس کو یہ بات بتائی کہ ”بیوی سے لڑائی کے بعد مجھے احساس ہی نہیں ہوا کہ میں پیدل چلتے ہوئے کتنی دور تک آ پہنچا ہوں۔“پولیس کی طرف سے اسے لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی پر 400یورو (تقریباً 77ہزار روپے) جرمانہ کیا گیا۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -