"پی ڈی ایم کوغیرملکی فنڈنگ کے شواہد ملے ہیں" وفاقی وزیر شیریں مزاریں کا انکشاف

"پی ڈی ایم کوغیرملکی فنڈنگ کے شواہد ملے ہیں" وفاقی وزیر شیریں مزاریں کا انکشاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے انکشاف کیا ہے کہ اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو غیرملکی فنڈنگ کے شواہد ملے ہیں۔

شیریں مزاری نے نجی ٹی وی ڈان نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کو غیر ملکی فنڈنگ کے ابتدائی شواہد ملے ہیں، فنڈنگ پی ڈی ایم میں موجود لوگوں کو ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس فنڈنگ کے ٹھوس شواہد ہوں گے تو کارروائی کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہوگا، دیکھتے ہیں کہ چیزیں کیسے سامنے آتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فنڈنگ کہاں سے آ رہی ہے یہ معاملہ وزارت داخلہ کا ہےاور مجھے اپوزیشن اتحاد کو فنڈنگ کے حوالے سے شواہد ملنے کا علم ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 'فنڈنگ کے حوالے سے ثبوت کی اطلاع ہے، تعاون کیا جارہا ہے اور سب کو معلوم ہے کہ بیرون ملک پاکستان کے مخالف گروپ موجود ہیں'۔ان کا کہنا تھا کہ 'ہر ملک کے مخالف گروپ ہوتے ہیں اور اسی طرح پاکستان سے تعلق رکھنے والے مخالف گروپ بھی باہر ہیں اور جس طرح وہ رہے ہیں آخر کہیں سے تو پیسے مل رہے ہیں۔

شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے استعفوں کا انتظار کر رہی ہے، اپوزیشن کے استعفے ڈرامہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 'استعفے دینے ہیں تو پارٹی رہنما کو نہیں اسمبلی کے اسپیکر کو دیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی اپنے ایک انٹرویو میں کہہ چکے ہیں کہ مجھے پتا ہے اپوزیشن کی پی ڈی ایم کو غیرملکی فنڈنگ ہورہی ہے، جلد حقائق سامنے لے آئیں گے۔

مزید :

قومی -