عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں،یاسمین راشد

 عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں،یاسمین راشد

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی میں سابقہ پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرفخرالنساء اخترکے انتقال پر تعزیتی اجلاس میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پروفیسر محمودعلی ملک،پروفیسرڈاکٹرمحمودشوکت،ایم ایس مئیو ہسپتال ڈاکٹر محمد افتخار، پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان،پروفیسرڈاکٹر اعجازحسین،پروفیسرڈاکٹربلقیس شبیر،ڈاکٹرفیاض احمدرانجھا،ودیگرفیکلٹی ممبران سمیت طلباء وطالبات کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔تعزیتی اجلاس میں مرحومہ پروفیسرڈاکٹرفخرالنساء اخترکو بہترین خدمات پرخراج تحسین پیش کیاگیا۔تعزیتی اجلاس میں مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے دعابھی کی گئی۔اللہ پاک پروفیسرڈاکٹرفخرالنساء اخترکے درجات بلندفرمائے۔آج پروفیسرڈاکٹرفخرالنساء نہیں بلکہ روحانی ماں کاانتقال ہواہے۔اللہ پاک ہم سب کو پروفیسرڈاکٹرفخرالنساء اختر کے نقش قدم پرچل کرخدمت انسانیت کی توفیق عطا کرے۔دریں اثناء وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے اچانک مئیوہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرخالدمسعودگوندل اور ایم ایس مئیوہسپتال ڈاکٹرمحمد افتخاربھی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے مئیوہسپتال کے مختلف وارڈزکادورہ کرکے مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب کی عوام کیلئے 11بڑے نئے سرکاری ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایاجارہاہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجہ میں کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکے ویڑن کے مطابق پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

یاسمین راشد 

مزید :

صفحہ آخر -