ٹیسٹ سیریز ، پاکستان کا بنگلہ دیش کیخلاف وائٹ واش

ٹیسٹ سیریز ، پاکستان کا بنگلہ دیش کیخلاف وائٹ واش

  

            ڈھاکہ(آئی این پی)پاکستان نے باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث بنگلہ دیش کو دوسرے ٹیسٹ میں  اننگز اور8رنز سے شکست دیکر سیریز میں کلین سوئپ کر دیا۔پہلی اننگز میں 87رنز پر ڈھیر ہونیوالی بنگلہ دیش کی ٹیم فالون کا شکار ہونے  کے بعد دوسری اننگز میں بھی205رنز ہی بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے پہلی اننگز میں 8جبکہ دوسری اننگز میں 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔دوسری اننگز میں شاہین شاہ آفریدی،حسن علی نے2،2جبکہ کپتان بابر اعظم نے ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں 12وکٹیں حاصل کرنے والے ساجد خان کو مین آف دی میچ جبکہ قومی اوپننگ بیٹر عابد علی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آخری روز پاکستان کی پہلی اننگز300رنز کے جواب میں بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز7وکٹوں کے نقصان پر 76رنز دوبارہ شروع کی تو ساجد خان کی گھومتی گیندوں کے آگے کسی بنگلہ دیشی کھلاڑی کا بس نہ چلا اور باقی تین کھلاڑی بھی مزید 11رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 87رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور فالو آن کا شکار ہوگئی۔بنگلہ دیشی ٹیم کے نو بلے باز دو ہندسوں کو بھی نہ چھو سکے تھے۔ساجد خان نے پہلی اننگز میں 42رنز دے کر 8وکٹیں حاصل کیں۔بنگال ٹائیگرز دوسری اننگز میں بھی ابتدا سے ہی ناکامی کا شکار ہوگئے اور صرف 25رنز پر اس کے 4کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔ تاہم پھر مڈل آرڈر نے ٹیم کو سنبھالا   مگر وہ بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ  رک سکے اور پوری ٹیم205رنز پر پویلین لوٹ گئی ساجد خان نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 جبکہ دو،دو وکٹیں شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کے حصے میں  آئیں۔ساجد خان نے میچ میں مجموعی طور پر 12وکٹیں حاصل کیں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹونٹی کے بعد ٹیسٹ سیریز کلین سوئپ کرنے کی بہت خوشی ہے اور یہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ہر کھلاڑی نے عمدہ کھیل پیش کیا ساجد خان نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -