سیالکوٹ واقعہ اسلامی تعلیمات کے  منافی ہے،پروفیسر نیاز احمد

سیالکوٹ واقعہ اسلامی تعلیمات کے  منافی ہے،پروفیسر نیاز احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ اسلامی تعلیمات کے  منافی ہے جس میں ایک ہجوم نے اپنی حدود پار کیں اور ظلم کیا۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار کلینکل سائیکالوجی کے زیر اہتما جسم، ذہن اور روح کے مابین تعلق پر الرازی ہال میں منعقدہ عالمی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ افتتاحی تقریب میں سنٹر کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر صائمہ داود، ڈاکٹر ناشی خان، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 جبکہ وائس چانسلر وومن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹررخسانہ کوثر اور مختلف ممالک سے محققین نے کانفرنس میں آن لائن شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ جب انسان اپنی حدود پار کرتا ہے تو مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں پر ظلم کرنے والا کبھی خوش نہیں رہ سکتا اور اسے اس کے برے کاموں کا صلہ مل کر رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا احساس ہونا چاہئیے کہ ہمارا ایک نہ ایک دن احتساب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو ان نعمتوں کا شکر ادا کرنا چاہئے جن سے وہ لطف اندوز ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم میں یہ جذبہ ہونا چاہئے کہ ہم دوسروں کے مسائل کو سمجھیں اور ان کے حل کے لئے مدد کریں۔ انہوں نے کرونا وائرس کے دوران انسانیت کی خدمت کرنے پر ڈاکٹر صائمہ داود اور ان کی ٹیم کو سراہا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر صائمہ داود نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد محققین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ ذہن، جسم اور روح کے مابین معاملات پر جدید تحقیق کے ساتھ جائزہ لے سکیں اور ایک دوسرے سے اپنے تجربات اور علم کا تبادلہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں کلینیکل سائیکالوجی اور لینگوئج پیتھالوجی سے متعلق مقالہ جات پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محققین پوسٹر کے ذریعے بھی اپنے تحقیقی کام کا اظہار کریں گے