پولیس حکام کی بلدیاتی امید واروں کے ساتھ ملاقات

  پولیس حکام کی بلدیاتی امید واروں کے ساتھ ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       پشاور (کرائم رپورٹر) پشاور پولیس کی جانب سے آنے والے بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کی خاطر مختلف اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، اس ضمن میں جہاں سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جار ہی ہے وہیں بلدیاتی امیدواروں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ تمام امیدواروں کو الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ سمیت دیگر ہدایات بہم پہنچائی جا سکیں۔اس ضمن میں گزشتہ روز ڈی ایس پی سٹی عنایت خان، ڈی ایس پی بڈھ بیر ملک حبیب، ڈی ایس پی گلبہار زاہد عالم اور ڈی ایس پی ورسک سکندر شاہ نے تھانہ خان رازق شہید، تھانہ گلبہار، تھانہ بڈھ بیراور تھانہ مچنی گیٹ میں بلدیاتی امیدواروں کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں، اس موقع پر تمام امیدواروں کو انتخابی مہم، جلسہ و جلوس، الیکشن کیمپس اور انتخابی کوڈ آف کنڈکٹ کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، اسی طرح تمام امیدواروں کو جلسے جلوسوں اور انتخابی مہم کے دوران اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور پٹاخوں وغیرہ کے استعمال سے بھی گریز کرنے اور دوران انتخابی مہم و انتخابی عمل ووٹرز اور دیگر امیدواروں کے ساتھ بحت و تکرار وغیرہ سے بھی گریز کرنے کی تلقین کی گئی۔میٹنگز کے دوران تمام امیدواروں کو حکومتی اداروں اور دیگر انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے اور الیکشن عمل کو پرامن طور پر مکمل کرنیکی بھی ہدایت کی گئی جس پرتمام امیدواروں نے انتخابی مہم کے دوران الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ، قانون پر عمل درآمد کرنے سمیت حکومتی اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے کا یقین دلایا۔