خواتین پر تشدد اور ہراسمنٹ کیخلاف قانون سازی کی ہے،حسان خاور

   خواتین پر تشدد اور ہراسمنٹ کیخلاف قانون سازی کی ہے،حسان خاور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات حسان خاور نے لاہور ہائیکورٹ میں عورتوں پر تشدد کے خاتمہ کے عنوان پر منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے خواتین پر تشدد اور ہراسمنٹ کیخلاف قانون سازی کی ہے۔ اس کیساتھ ساتھ خواتین سے امتیازی سلوک کا خاتمہ کرتے ہوئے تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت کی وجہ سے سوسائٹی کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے۔عدم برداشت کا رجحان ختم کرنے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے رویوں کی وجہ سے ہی آگے نہیں بڑھ پا رہے۔حسان خاور نے کہا کہ خواتین پر تشدد صرف خواتین کا ہی نہیں مردوں کا بھی مسئلہ ہے۔ کیونکہ جب خواتین پر تشدد کی بات آتی ہے تو مرد حضرات اسے صرف عورت کا مسئلہ سمجھ کر آنکھیں بند کر لیتے ہیں۔ اس مسئلہ کو ہم سب نے ملکر ٹھیک کرنا ہے اور بحیثیت مرد خود احتسابی کے مرحلے سے گزرنا اور اپنی سوچ تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین پر دیدہ دلیری سے تشدد کیا جاتا ہے کیونکہ ہمارے ہاں انصاف فراہم کرنے کے فیصلوں میں تیزی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں کے خلاف تشدد ختم کرنا ہے تو ہمیں اپنی ورک پلیس کو ان کیلئے محفوظ بنانا ہوگا اور تھانوں، عدالتوں، تفتیشی اداروں اور دیگر محکموں میں انہیں بالخصوص سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہنگامی اور موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
حسان خاور

مزید :

صفحہ اول -