دبئی ایکسپو ، پاکستان پویلین میں ہائی برڈانویسٹمنٹ سیمینار کا انعقاد

دبئی ایکسپو ، پاکستان پویلین میں ہائی برڈانویسٹمنٹ سیمینار کا انعقاد
دبئی ایکسپو ، پاکستان پویلین میں ہائی برڈانویسٹمنٹ سیمینار کا انعقاد

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی  پاور سیکٹر کی معروف کمپنی  برادرز گیس آف یو اے ای پاکستان میں ریفریجرینٹ گیسز اور لیوبز   میں  ابتدائی طور پر 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہی ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ ( بی او آئی) کے زیر انتظام دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین میں  ہائی برڈ انویسٹمنٹ سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی اور بین الاقوامی کاروباری برادری نے ذاتی  طور پر اور ورچوئلی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

سرمایہ کاری بورڈ کے مطابق اس موقع پر سیمینار کے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پالیسی اور استعداد کی تفصیلات  سے آگاہ کیا گیا جبکہ ٹیکنالوجی اور نالج اکانومی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع اور سہولیات پر خصوصی روشنی ڈالی گئی۔ سیمینار کے موقع پر سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فارینہ مظہر نے برادرز گیس یو اے ای کے منیجنگ ڈائریکٹر کاشف مقصود سے ملاقات کی۔ برادرز گیس کا شمار یو اے ای تیل و گیس کے شعبہ کی نمایاں کمپنیوں میں ہوتا ہے۔

کاشف مقصود نے سیمینار میں پانچ رکنی اعلی سطح کے انتظامی وفد کے ساتھ شرکت کی اور فیصل آباد کے خصوصی اقتصادی زون میں باٹلنگ پلانٹ تعمیر کرنے کی تصدیق کی۔سرمایہ کاری بورڈ متعلقہ کمپنی کو خصوصی اقتصادی زون میں پلاٹ کی آلاٹمنٹ میں معاونت کر رہا ہے ، بی او آئی کا دیگر اداروں کے ساتھ قریبی اشتراک کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے منصوبہ کی کامیابی میں معاون ثابت ہو رہاہے ۔برادر گیس وفد نے سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ کو بتایا کہ پاکستان میں یہ سرمایہ کاری 3مراحل میں کی جائے گی اور پہلے مرحلے میں 15ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلہ میں فیصل آبادمیں ایم تھری صنعتی زون میں پلانٹ کی تعمیر شامل ہے جس سے مقامی مارکیٹ اور پاکستان کے ہمسایہ ممالک کو مصنوعات کی برآمدات میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہاکہ برادر گیس صنعتی گیسز کے شعبے میں ایک ہزار سے زیادہ مختلف مصنوعات کا بزنس کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری سے درآمدات میں کمی  اور پاکستان کی برآمدات کے اضافہ  میں مدد ملے گی ۔ سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے برادر گیس کی سرمایہ کاری کو پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ۔

مزید :

تارکین پاکستان -