امارات کی گولڈن جوبلی کے موقع پر مسلم لیگ ن منیارٹی ونگ کی طرف سے تقریب کا انعقاد

امارات کی گولڈن جوبلی کے موقع پر مسلم لیگ ن منیارٹی ونگ کی طرف سے تقریب کا ...
امارات کی گولڈن جوبلی کے موقع پر مسلم لیگ ن منیارٹی ونگ کی طرف سے تقریب کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں مقیم دو سو سے زائد ممالک کے لوگوں نے اپنے اپنے انداز سے متحدہ عرب امارات کا پچاسواں قومی دن منایا جبکہ گولڈن جوبلی کی یہ تقریبات تاحال جاری ہیں۔ جو سارا سال جاری رہیں گی۔ مسیحی برادری کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے امارات میں مقیم مسیحیوں نے پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے پلیٹ فارم سے امارات کی گولڈن جوبلی کی تقریب منعقد کر کے بیرون ملک مسیحی برادری کی طرف سے پاکستان کی نمائندگی کی۔

پی ایم ایل این امارات کے نائب صدر، منیارٹی ونگ کے صدر اور مسیحی راہنما جان قادر اور ان کے ساتھیوں نے کیا تھا۔ جس میں پی ایم ایل این امارات کے صدر غلام مصطفی مغل اور جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال مہمانان خصوصی تھے جبکہ دیگر شرکاءمیں منیارٹی ونگ کی طرف سے سرفراز گل، امجد قمر بھٹی، سناور گل، سیموئیل کوکب، انور گل، بابر گل، عاشر مون، سمیر ڈیوڈ، کاشف ڈیوڈ، یاسمین، سونیا اور مسز جان قادر شامل تھیں جبکہ پی ایم ایل این امارات کی طر ف سے سہیل عامر گھرمن، محمد شہزاد بٹ، شوکت بٹ، جمیل بنگیال، غلام محی الدین، عبدالرزاق گجر، عقیل ظفر، وقاص گھمن، حاجی محمد یونس، آصف پراچہ اور دیگر بہت سے لوگ موجود تھے۔

اس موقع پر یو اے ای کی گولڈن جوبلی کا کیک کاٹا گیا اور آپس میں ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی۔ تقریب ہذا سے متذکرہ رہنماﺅں نے خطاب بھی کیا اور متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں عوام الناس کو بھی مبارکباد پیش کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ یو اے ای نے گزشتہ پچاس سالوں میں جس قدر ترقی کی ہے وہ بے مثال ہے۔ یو اے ای ہر لحاظ سے ایک محفوظ ترین ملک ہے جہاں دو سو سے زائد قومیتوں کے لوگ پوری آزادی اور امن و امان کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ امارات میں 16 لاکھ سے زائد پاکستان بھی موجود ہیں جو باعزت روزگار سے وابستہ رہتے ہوئے اپنے اپنے خاندان کی بطریق احسن کفالت کررہے ہیں اور حکومت پاکستان کو ہر ماہ ڈالرز کی صورت میں کثیر زر مبادلہ کما کر بھیج رہے ہیں اور معاشی طور پر حکومت پاکستان کا ساتھ دے رہے ہیں اور یہ اسی وجہ سے ممکن ہے کہ ہمیں یہاں انتہائی سازگار ماحول میں بزنس کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں جس پر ہم حکومت یو اے ای کے تہہ دل سے ممنون و مشکور ہیں۔ 
مسیحی راہنما جان قادر نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے پی ایم ایل این امارات کے صدر غلام مصطفی مغل سے اپیل کی کہ منیارٹی ونگ کی حقیقت کو تسلیم کر کے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے جس کی حمایت پی ایم ایل این کے جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال اور دیگر لیگی کارکنوں نے بھی کی اور ہاتھ اٹھا کرمسیحی کمیونٹی سے اظہا ریکجہتی کیا۔ جان قادر نے مزید کہا کہ پاکستان میں مسیحی لڑکیوں کو جبری مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ عیسائی لڑکیوں کو پہلے اغوا کر کے جنسی زیادتی کی جاتی اور بعدازاں مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے جو اقلیتوں کے ساتھ بہت بڑی زیادتی اور ناانصافی ہے۔

جان قادر نے کہا کہ اس سلسلہ میں قانون سازی کی جائے اور جبری مذہب تبدیل کرانے پر پابندی لگائی جائے تاکہ اقلیتی لوگ اپنے آپ محفوظ سمجھ سکیں۔ جان قادر نے سانحہ سیالکوٹ پر بھی شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ ہم اس دکھ کے موقع پر متاثرہ خاندان اور حکومت سری لنکا کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ کے مجرمان کو قرار واقعی سزا دے کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔ جان قادر کی اپیل پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا گیا۔ جان قادر کی متذکرہ تقریر پر پی ایم ایل این کی سینئر قیادت اور تمام شرکائے تقریب نے بھی حمایت کا اظہار کیا۔