سندھ زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس عمرکوٹ کے پہلے بیچ نے بیچلر ڈگری مکمل کرلی

سندھ زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس عمرکوٹ کے پہلے بیچ نے بیچلر ڈگری مکمل کرلی
سندھ زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس عمرکوٹ کے پہلے بیچ نے بیچلر ڈگری مکمل کرلی

  

عمرکوٹ (سید ریحان شبیر ) سندھ زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس عمرکوٹ کے پہلے بیچ نے بیچلر ڈگری مکمل کرلی،  طلباء کی طرف سے پہلے بیچ کے پاس ہونے پر شاندار تقریب  کا انعقاد کیا گیا جس میں  ڈائریکٹر کیمپس اور ڈپٹی کمشنر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام سے الحاق شدہ سب کیمپس عمرکوٹ کے پہلے بیچ نے چار سالہ  بیچلر ڈگری مکمل کر لی ہے، پہلی بیچ کی تکمیل پر ان کے اعزاز میں شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سب کیمپس عمرکوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جان محمد مری اور ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمان میمن مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سب کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جان محمد مری نے کہا کہ سب کیمپس عمرکوٹ سے بی ایس سی کی ڈگری حاصل کرنے والے گریجوئیٹ تھر سمیت دیگر علاقوں میں زرعی ترقی کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کریں۔  انہوں نے کہا کہ ہم ادارے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ مختلف ڈگری کورسز بھی متعارف کروا رہے ہیں جس میں وٹرینری کا ڈپلومہ بھی شامل ہے، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمان میمن نے کہا کہ عمرکوٹ میں سندھ زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کے بعد شہراور تھر کے مختلف علاقوں میں ترقی اور سرسبزی کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری کی جانب سے سب کیمپس عمرکوٹ کیلئے دلچسپی سے علاقے کے کسانوں، ماہی گیروں کے مسائل حل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کے اعلیٰ تعلیم کا خواب بھی پورا ہو رہا ہے۔ سامی فاؤنڈیشن کے مصطفیٰ کھوسو نے کہا کہ سب کیمپس عمرکوٹ، تھر  میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مختلف تحقیقی، سروے اور فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے پل کا کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر ایس آر یس او کے امتیاز کوسو، ڈاکٹر وشنداس، سلیم چانگ، محمد نواز میربحر،  امام بخش چاچڑ اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈگری مکمل کرنے والے طلباء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پہلے بیچ کے کیلئے الوداعی پارٹی کے دوران کیک بھی کاٹا گیا۔

مزید :

علاقائی -سندھ -عمرکوٹ -