انڈیا میں ہیلی کاپٹر حادثہ اور ہلاکتیں، پاکستان کے سابق فوجی افسر اور بھارتی بریگیڈیئر کے درمیان ٹوئٹر مکالمے نے دھوم مچا دی

انڈیا میں ہیلی کاپٹر حادثہ اور ہلاکتیں، پاکستان کے سابق فوجی افسر اور بھارتی ...
انڈیا میں ہیلی کاپٹر حادثہ اور ہلاکتیں، پاکستان کے سابق فوجی افسر اور بھارتی بریگیڈیئر کے درمیان ٹوئٹر مکالمے نے دھوم مچا دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ روز بھارت کے چیف آف ڈیفنس سٹاف بپن راوت اپنی اہلیہ اور 13دیگر لوگوں کے ساتھ ایک بدقسمت ہیلی کاپٹر حادثے میں لقمہ اجل بن گئے۔ اس افسوسناک حادثے پر جہاں پورا بھارت سوگ میں ڈوب گیا، وہیں پاکستانیوں کی طرف سے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف بھی اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے جنرل بپن راوت کی ناگہانی موت پر اظہار افسوس کیا گیا۔ایسے میں ایک ریٹائرڈ پاکستانی میجر اور بھارتی بریگیڈیئر کے درمیان ٹوئٹر پر کچھ ایسا مکالمہ ہوا کہ جس کا بہت چرچا ہو رہا ہے۔
نیوز 18ڈاٹ کام کے مطابق یہ مکالمہ پاکستان کے ریٹائرڈ میجر عدیل راجا اور بھارت کے بریگیڈیئر آر ایس پتھانیا کے درمیان ہوا۔ میجر عدیل اب ریٹائرڈ فوجی افسران کی تنظیمPakistan Ex Servicemen Societyکے ترجمان ہیں اورتجزیہ کار و کالم نگار بھی ہیں۔بریگیڈیئر پتھانیا نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر آنجہانی بپن راوت کی تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ ” سلیوٹ سر، جے ہند۔“ بریگیڈیئر پتھانیا کی اس ٹویٹ پر میجر عدیل راجا نے بریگیڈیئر پتھانیا کے ساتھ اس افسوسناک واقعے پر تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
بریگیڈیئر پتھانیا نے میجر عدیل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ”ایک فوجی سے یہی توقع کی جاتی ہے۔ سیلیوٹ۔“ اس پرمیجر عدیل نے بریگیڈیئر پتھانیا کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ”یقینا سر، بطور سپاہی یہی احسن طریق ہے۔ اس نقصان پر ایک بار پھر افسوس سر۔ہماری پنجابی میں کہا جاتا ہے کہ دشمن مرے تے خوشیاں نہ مناﺅ، کدے سجناں وی مر جانا۔“ اس ٹویٹ پر بریگیڈیئر پتھانیا ایک بار پھر میجر عدیل کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور لکھتے ہیں کہ ”میں پنجابی سمجھتا اور بولتا ہوں۔ ہم میدان جنگ میں دشمن ہوتے ہیں۔ اس کے باہر اگر ہم دوست نہیں بن سکتے توکم از کم ایک دوسرے کے ساتھ مہذب رویہ تو رکھ سکتے ہیں۔“